عوام کھڑے ہو جائیں تو حکومت گھٹنے ٹیک دے گی ،مفتی تقی عثمانی
شیئر کریں
معروف عالم دین مفتی محمد تقی عثمانی نے کہا ہے کہ عوام کھڑے ہو جائیں تو حکومت گھٹنے ٹیک دے گی۔کراچی میں خطاب کرتے ہوئے مفتی محمد تقی عثمانی نے کہا کہ ہر الیکشن میں دھاندلی کی باتیں ہوتی ہیں، ہمارا سیاسی نظام آزاد نہیں غلام ہے ، معاشرے کے مختلف طبقات جمع ہوں اور غلامی سے نکلنے کا راستہ نکالیں۔انہوں نے کہا کہ زندگی کے ہر شعبے میں مغرب کو آئیڈیل بنا لیا گیا، اللّٰہ تعالیٰ نے ملک کو کتنے وسائل عطا فرمائے ہیں، کون سی قدرتی دولت ہمارے پاس موجود نہیں؟۔مفتی محمد تقی عثمانی نے کہا کہ انگریز ریلوے کی جو لائن ڈال گئے تھے، اس کے بعد کوئی لائن نہیں ڈالی گئی، سوال یہ ہے کہ غلطی کہاں ہوئی، جڑ کہاں ہے؟ ہم آئی ایم ایف کے غلام ہیں، اسی کے نتیجے میں آج ہمارا بچہ بچہ قرض دار ہے، ہم آئی ایم ایف کے بغیر نہیں چل سکتے۔ان کا کہنا تھا کہ ان حالات میں سیاسی نظام کے ذریعے اسلامی نظام کا لانا مجھے مشکل لگتا ہے، دنیا میں انقلاب حکومت کے ذریعے نہیں ، عوام کے ذریعے آتے ہیں، اس وقت سیاسی اور اقتصادی بحرانوں کا شکار ہیں، سیاسی اعتبار سے انتشار میں مبتلا ہیں، اقتصادی اعتبار سے بہت نیچے جا چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ تاجر برادری کسی بھی ملک کی شہ رگ ہوتی ہے، تاجر برادری سیاست کو بھی صحیح راستے پر آنے پر مجبور کر سکتی ہے، تاجر اور عوام تحریک چلائیں کہ امپورٹڈ چیزیں استعمال نہیں کرنی ، خاص طور پر ایسے دشمنوں کی چیزیں جو مسلمانوں کا گلا کاٹ رہی ہیں، تاجر فیصلہ کرلیں کہ مقامی برانڈز کو فروغ دیں گے۔