اسرائیلی یرغمالیوں کی رہائی ،حماس کا مذاکرات کی امریکی تجویز پر اتفاق
شیئر کریں
فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس نے اسرائیلی یرغمالیوں کی رہائی کے لیے مذاکرات کی امریکی تجویز پر اتفاق کر لیا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق حماس نے اسرائیلی فوجیوں سمیت دیگر قیدیوں کی رہائی کیلئے بات چیت شروع کرنے کی امریکی تجویز قبول کر لی ہے ۔حماس کے ذرائع کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ اس تجویز پر غزہ جنگ کو ختم کرنے کے معاہدے کے پہلے مرحلے کے 16 دن بعد اتفاق کیا گیا ہے ۔ذرائع نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ حماس اپنے اس مطالبے سے پیچھے ہٹ گیا ہے کہ اسرائیل معاہدے پر دستخط کرنے سے پہلے مستقل جنگ بندی کا عہد کرے گا اور فلسطینی مزاحمتی تنظیم اس بات کی اجازت دیگی کہ 6 ہفتے کے پہلے مرحلے کے دوران ہونے والے مذاکرات کو آگے بڑھایا جائے ۔ادھر مصری میڈیا کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ مصرغزہ جنگ بندی مذاکرات کیلئے اسرائیل و امریکی وفود کی میزبانی کرے گا جبکہ مصر، حماس کے ساتھ جنگ بندی اوریرغمالیوں کے بدلے قیدیوں کے تبادلے پر بھی بات چیت کر رہا ہے ۔دوسری جانب ٖغیر ملکی خبر ایجنسی کا کہنا ہے کہ امریکی سی آئی اے کے سربراہ ولیم برنز اگلے ہفتے قطر کا دورہ کریں گے جبکہ اسرائیلی مذاکرات کار بھی آئندہ چند روز میں دوبارہ قطر کا دورہ کرنے والے ہیں۔