شاہانہ اخراجات، وزیر اعلیٰ ہاؤس کے بجٹ میں 4 کروڑ کامزید اضافہ
شیئر کریں
وزیراعلیٰ ہاؤس کے بجٹ میں بھی 4 کروڑ روپے کا اضافہ۔ ایک ارب 32 کروڑ روپے مختص۔ لگژری گاڑیاں بھی خرید نے کا فیصلہ۔ جرأت کی رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال میں وزیراعلیٰ ہاؤس کی بجٹ ایک ارب 28 کروڑ روپے ہے جس میں4 کروڑ روپے اضافے کی تجویز دی گئی ہے ، اس طرح وزیراعلیٰ ہاؤس کا بجٹ ایک ارب 32 کروڑ 92 لاکھ روپے ہو جائے گا۔ بجٹ میں وزیراعلیٰ ہاؤس کے سفری الاؤنس کی مد ایک کروڑ 50 لاکھ روپے مختص کئے گئے ہیں اس کے علاوہ ہیلی کاپٹر،اسپیشل گاڑیوں اور دیگر سفری سہولیات کے لئے 5 کروڑ روپے مختص ہوئے ہیں۔ وزیراعلیٰ ہاؤس کے افسران اور ملازمین کے لئے ایک ڈبل کیبن، دو 2700 سی سی فارچونرز، تین 1200 سی سی کار، دو ایک ہزار سی سی کار، دو 660 سی سی کار اور 10 موٹر سائیکل بھی خرید نے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ ہاؤس کے لیے لگژری گاڑیوں کی خریداری پر 7 کروڑ 93 لاکھ روپے خرچ ہونگے۔ وزیراعلیٰ ہاؤس میں کراکری اور کٹلری (برتن) کی خریداری کے لئے بھی 30 لاکھ روپے مختص کیے گئے ہیں۔ فرنیچر کی خریداری پر 50 لاکھ روپے خرچ ہونگے۔