بونیر ،سکیورٹی فورسز کا آپریشن، 2جوان شہید
شیئر کریں
سکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا کے ضلع بونیر میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کر کے انتہائی مطلوب دہشتگرد کو ہلاک اور اس کے دو ساتھیوں کو زخمی کر دیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کے مطابق بونیر میں آپریشن دہشتگردوں کی موجودگی کی مصدقہ اطلاع پر کیا گیا، آپریشن کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا۔آئی ایس پی آر کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں ہائی ویلیو ٹارگٹ دہشتگردوں کا سرغنہ سلیم عرف ربانی ہلاک اور 2 دہشتگرد زخمی ہوئے جبکہ دہشتگردوں سے مقابلے میں 2 بہادر جوان بھی شہید ہو گئے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق دہشتگردوں کی فائرنگ سے لانس نائیک حسیب جاوید اور حوالدار مدثر محمود شہید ہوئے۔حوالدار مدثر محمود شہید کا تعلق ضلع راولپنڈی سے ہے جنہوں نے 16 سال تک پاکستان آرمی میں ذمہ داریاں سرانجام دیں، انہوں نے سوگواران میں والدین، اہلیہ اور 2بیٹے چھوڑے۔لانس نائیک حسیب جاوید شہید کا تعلق آزاد کشمیر کے ضلع پونچھ سے ہے، لانس نائیک حسیب جاوید شہید نے 5 سال تک پاکستان آرمی میں ذمہ داریاں سرانجام دیں اور سوگواران میں والدین، اہلیہ اور ایک بیٹی چھوڑی ہے۔آئی ایس پی آر کا بتانا ہے کہ دہشتگرد سلیم عرف ربانی سکیورٹی فورسز کے خلاف دہشتگردی کی متعدد کارروائیوں میں ملوث تھا، ہلاک دہشتگرد بھتہ خوری اور معصوم شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں بھی ملوث تھا، ہلاک دہشتگرد سلیم انتہائی مطلوب تھا اور حکومت نے اس کے سر کی قیمت 50 لاکھ روپے مقررکر رکھی تھی۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے، پاکستان کی سکیورٹی فورسز دہشتگردی کے خاتمے کیلئے پرعزم ہیں، بہادر جوانوں کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔