کراچی میں غیر قانونی تعمیرات میں ملوث افسران کیخلاف گھیرا تنگ
شیئر کریں
سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی(ایس بی سی اے)نے 21افسران کو غیرقانونی تعمیرات روکنے میں ناکامی اور ایکشن نہ لینے پر اظہارِ وجوہ کا نوٹس جاری کردیا۔تفصیلات کے مطابق سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی(ایس بی سی اے)نے غیر قانونی تعمیرات میں ملوث افسران کے خلاف گھیرا تنگ کردیا۔ایس بی سی اے کے 21 افسران کو غیرقانونی تعمیرات روکنے میں ناکامی اور ایکشن نہ لینے پر اظہارِ وجوہ کا نوٹس جاری کردیا گیا ، تحقیقاتی رپورٹ کے بعد سخت محکمہ جاتی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔شو کاز نوٹس سال 2022 میں مذکورہ افسران کی پوسٹنگ کے دوران پلاٹ نمبر A-83 اور پلاٹ نمبر A-86 ، بلاک Q ،نارتھ ناظم آباد پر نقشے کی منظوری کے بغیر تین منزلہ غیر قانونی تعمیرات کے معاملے میں جاری کئے گئے۔افسران میں چار ڈپٹی ڈائریکٹرز، چار اسسٹنٹ ڈائریکٹرز ، چار سینئیر بلڈنگ انسپیکٹر ز اور نو لیڈنگ انسپیکٹر ز شامل ہیں، نوٹس میں کہا گیاہے کہ مذکورہ افسران نے سال 2022 میں تعیناتی کے دوران غیر قانونی تعمیرات پر کارروائی نہیں کی۔اظہار وجوہ کا نوٹس دیتے ہوئے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل سامت علی خان کو انکوائری افسر مقرر کردیا گیا ہے ، سامت علی خان 15 یوم میں تحقیقات کرکے رپورٹ جمع کرائیں گئے۔ڈپٹی ڈائریکٹرز ذرغام حیدر،اویس حسین،عبدالعامر خان اور آغا جہانگیر ، اسسٹنٹ ڈائریکٹرز احتشام خان،آصف حسین،الطاف کھوکھر اور نواب علی منگریجو ، سینئر بلڈنگ انسپکٹرز محمد عامر،شکیل احمد،امیر الحسن،شفیع مگسی کو شوکاز جاری کیا گیا۔عبدالرشید سولنگی نے کہا کہ غیر قانونی تعمیرات اور اس میں ملوث افسران کے خلاف کارروائی میں کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔