اعلی ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی، انٹر کے متنازع نتائج کے آفٹر شاکس آنا شروع
شیئر کریں
ااعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے تحت انٹر سال اول کے متنازعہ نتائج کے آفٹر شاکس آنا شروع ہوگئے ہیں اور این ای ڈی یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی نے اپنے بیچلر پروگرام میں داخلوں کے لیے امیدواروں کی مطلوبہ اہلیت eligibility criteria میں بڑی تبدیلی کردی ہے۔یہ تبدیلی صرف داخلوں کے لیے درخواست دینے والے امیدواروں کی اہلیت میں کی گئی ہے اوراب انٹر سال اول میں 55 فیصد مارکس لینے والا طالب علم بھی این ای ڈی یونیورسٹی میں داخلہ درخواست دینے کا اہل ہوگا، قبل ازیں کم از کم 60 فیصد مارکس کا حامل امیدوار داخلہ درخواست دینے کا اہل ہوتا تھا۔اس فیصلے کی منظوری این ای ڈی یونیورسٹی کی اکیڈمک کونسل نے حال میں اپنے منعقدہ اجلاس میں دی ہے۔یاد رہے کہ انٹر سال اول پری انجینئرنگ اور پری میڈیکل کے جاری حالیہ نتائج میں طلبا کی کامیابی کا تناسب 34 سے 36 فیصد کے درمیان تھا اور 64 سے 66 فیصد طلبا ان امتحانات میں ناکام ہوگئے تھے، جو طلبا پاس ہوئے تھے ان کی پاسنگ پرسنٹیج بھی اس قدر کم ہے کہ وہ بہت سے پروفیشنل جامعات میں داخلہ درخواست دینے کے اہل نہیں ہیں۔قریب 600 طلبا ہیں جنھوں نے پری انجینئرنگ میں اے ون گریڈ لیا ہے جبکہ این ای ڈی یونیورسٹی میں 2 ہزار سے زائد نشستیں کراچی بورڈ کے طلبا کی ہیں لہذا یہ پہلی بار ہے کہ مختص داخلہ نشستوں سے بھی کم اے ون گریڈ ہیں۔واضح رہے کہ این ای ڈی میں داخلوں کے لیے میرٹ انٹر سال اول کے نتائج کی بنیاد پر طے ہوتا ہے تاہم پاکستان انجینئرنگ کونسل کی شرائط کے سبب کم از کم 60 فیصد مارکس کا criteria تو تبدیل نہیں ہوسکتا تھا لہذا فی الحال درخواست دینے کے لیے eligibility criteria تبدیل کیا گیا ہے اور اس میں طلبا کو رعایت دی گئی ہے۔این ای ڈی کے پرووائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر طفیل احمد نے بتایا کہ طالب علم کی انٹر سال اول میں پاسنگ پرسنٹیج اگر 55 فیصد تک ہے تو وہ داخلے کی درخواست دے کر رجحان ٹیسٹ میں شریک ہوسکے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ اگر طالب علم رجحان ٹیسٹ پاس کرلیتا ہے تو اس کا میرٹ اس وقت کی صورتحال کو سامنے رکھتے ہوئے طے کیا جائے گا، تاہم طالب علم کے لیے لازمی ہوگا کہ وہ انٹر سال دوم کے نتائج میں consolidated marks کے طور پر کم از کم 60 فیصد یا اس سے زائد نمبرز کے ساتھ پاس ہو بصورت دیگر اس کا داخلہ منسوخ ہوجائے گا۔یا د رہے کہ این ای ڈی یونیورسٹی میں داخلوں کا آغاز 24 مارچ سے ہوگا جبکہ رجحان ٹیسٹ 3 سے 7 مئی تک ہوں گے۔