ایٹمی طاقت ہیں لیکن غیرت مند حکمران نہیں ،حافظ نعیم الرحمن
شیئر کریں
ہمارے پاس ایٹمی طاقت بھی ہے اور وسائل بھی لیکن غیرت مند حکمران نہیں ہیں ، ہمارا حکمران وہی ہے جومسجد اقصیٰ ، اہل غزہ و فلسطین کے لیے عوام کے ساتھ کھڑا ہو ۔امیرجماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کی اپیل پر اہل غزہ ومظلوم فلسطینی مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کے لیے ملک گیر یوم احتجاج کے سلسلے میں کراچی میں نمائش تا سی بریز ــ’’غزہ ریلی ‘‘ کا انعقاد کیا گیا ۔ ریلی کی قیادت امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کی ۔ریلی کے شرکاء نے اہل غزہ و فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے ہاتھوں میں بینرز اورپلے کارڈز اٹھائے ہوئے تھے ۔ریلی کے شرکاء نے ایک بڑا سا بینر اٹھایا ہواتھا جس پر تحریر تھا GAZAGENOCIDE Shame on Muslims Rulers، غزہ میں آزادی کی جدوجہد ظالم اور مظلوم کی جنگ ہے۔ریلی کے دوران لبیک یا غزہ ، القدس لنا، القدس ہمارا ہے ،طوفان الاقصیٰ ودیگر ترانے چلائے جاتے رہے ۔ ریلی سے امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن ، نائب امیر کراچی ڈاکٹر اسامہ رضی ، جماعت اسلامی کے رہنما و رکن سندھ اسمبلی محمد فاروق فرحان ، فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے رہنما ڈاکٹر صابر ابو مریم ، این ایل ایف کراچی کے صدر خالد خان ودیگر نے بھی خطاب کیا ۔حافظ نعیم الرحمن نے ’’ غزہ ریلی ‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ آرمی چیف مسلم ممالک کے افواج کے سربراہان سے رابطے کر کے انہیں اسرائیلی جارحیت کے خلاف مشترکہ ردعمل کے لیے آمادہ کریں اور ایک مشترکہ اعلامیہ اسرائیل کو جاری کریں کہ اگر فلسطین کے مظلوم عوام کے خلاف جنگ بندی نہیں کی گئی تو ہماری فوجیں پیش قدمی کریں گی، ہمارے پاس ایٹمی طاقت بھی ہے اور وسائل بھی لیکن غیرت مند حکمران نہیں ہیں ، ہمارا حکمران وہی ہے جومسجد اقصیٰ ، اہل غزہ و فلسطین کے لیے عوام کے ساتھ کھڑا ہو ، رمضان المبارک میں اہل غزہ و فلسطین سے اظہار یکجہتی کے لیے عظیم الشان مارچ کریں گے ۔انہوں نے مزیدکہاکہ اسرائیل کی طاقت، گھمنڈ اورٖغرور کو حماس کے مجاہدین نے 7 اکتوبر کو ہی پاش پاش کردیا تھا۔اسرائیل کی فلسطین کے عوام پر بمباری و جارحیت کو مسلم حکمرانوں نے تقویت فراہم کی ہے،فلسطین میں ہمارے بچوںکو شہید کیا جارہا ہے۔ہمارے حکمرانوں میں غیرت و حمیت ختم ہوچکی ہے، یہ امریکہ اور اسرائیل کے غلام بنے ہوئے ہیں۔