ایم کیو ایم نے سندھ کی معیشت پیپلزپارٹی سے مل تباہ کی،حافظ نعیم
شیئر کریں
امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے جامشورو میں گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (GDA)کے احتجاجی دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ کراچی میں شہری وڈیروں کو مسلط کیا گیا ہے، 8 سے 10 لاکھ ووٹ لینے والی پی ٹی آئی اور جماعت اسلامی کو سیٹیں نہ ملیں،ایم کیو ایم نے ڈیڑھ لاکھ ووٹ بھی حاصل نہیں کیے لیکن اسے 15قومی اسمبلی اور 25صوبائی سیٹیں نواز دی گئیں ۔ایم کیو ایم نے دہشت گردی ، بھتہ خوری اورنفرت و تقسیم کی سیاست کی ہے ،یہ بلدیہ فیکٹری جلانے والے بوری بند لاشوں والے لوگ ہیں، ان لوگوں نے سندھ کی معیشت کو پیپلزپارٹی کے ساتھ مل کر برباد کیا، اب ان مافیا ں سے آزادی حاصل کرنا ہوگی۔اب تقسیم اور نفرت کی سیاست ختم کرنی ہوگی ، یہ جنگ سندھی مہاجر اور دیہی و شہری کی نہیں بلکہ ظالم اور مظلوم کی جنگ ہے ۔مظلوم اگر ایک ہوگئے ، لسانی و مذہبی تفریق ختم ہوگئی تو پھر ظالموں کو پورے ملک میں جگہ نہیں ملے گی ۔ ٹھپہ مافیا ، قبضہ مافیا ، آراوکے دھاندلی زدہ الیکشن ہم کسی صورت قبول نہیں کریں گے ۔ عوام کے ووٹ پر ڈاکا ناقابل قبول ہے اس لئے سپریم کورٹ عام انتخابات کے نتائج کو کالعدم قرار دے ، فارم 45کے مطابق چھان بین کرکے نتائج جاری کئے جائیں۔سندھ کے دیہی اور شہری عوام کو جاگیرداروں’ وڈیروں دہشت گردوں کے حوالے کردیا گیا ہے پی پی اور ایم کیو ایم ایک ہی سکے کے دو رخ ہیں ،آج کے بڑے دھرنے سے عیاں ہے کہ سندھ کے عوام جاگ رہے ہیں وہ مسلط کئے گئے مافیا کو ہر گز قبول نہیں کریں گے۔ہم پیر صاحب پگارا کی قیادت میں قبضہ گیرون اور مافیاز کے خلاف جدوجہد میں برابر کے شریک رہیں گے ہم سب کو متحد ہوکر اس مافیا سے جان چھڑانا ہوگی۔ جماعت اسلامی جی ڈی اے سمیت انتخابی دھاندلیوں کے خلاف جدوجہد کرنے والی جماعتوں کے ساتھ ہر سطح پر تعاون کرے گی اور عملی طور پر شریک رہے گی۔انہوں نے کہاکہ وہ کونسی فیکٹری ہے جہاں 2024جیسے نتیجے بنائے گئے ہیں،جہاں 8لاکھ ووٹ لینے والوں کے مینڈیٹ پر قبضہ کر کے ڈیڑھ لاکھ ووٹ لینے والوں کو مسلط کردیا گیا ۔ملک کا بچہ بچہ جان گیا ہے ،اب عوام کی آواز کو دبایا نہیں کیا جاسکتا،سب کو اپنی پوزیشن پر آنا پڑے گا جس کا جو کام ہے وہ کرے اور عوام کی توہین نہ کی جائے ،ادارے اپنی آئینی ذمہ داریاں پوری کریں تاکہ یہ ملک آگے چل سکے ۔انہوں نے کہاکہ ہم پرامن آئینی وقانونی اور جمہوری جدوجہد پر یقین رکھتے ہیں ، ہم تصادم نہیں چاہتے لیکن جب عوام کی تذلیل کی جائے گی ،مینڈیٹ پر قبضہ کیا جائے گا تو عوام احتجاج کریں گے ۔دھاندلی اور مینڈیٹ پر ڈاکا اس طرح ڈاکاڈالا گیا کہ پیر پگاراصاحب کو بھی مجبورا کہنا پڑا کہ اگر پہلے سے ہی فیصلہ کرلیا تھا تو یہ سیٹیں بھی آصف علی زرداری کو دے دیں ۔جماعت اسلامی نے گزشتہ35سال دہشت گردوں ، بھتہ خوروں ، 259لوگوں کو بلدیہ فیکٹری میں جلانے والوں کا مقابلہ کیا ۔سپریم کورٹ متنازع الیکشن کانوٹس لیں ،ہمارے پاس فارم 45 موجود ہیں، ہم جھوٹ پر یقین نہیں رکھتے۔ہم واضح طورپر کہتے ہیں کہ جس کا جہاں مینڈیٹ ہے اور عوام نے ووٹ دیا ہے اسے تسلیم کیا جائے اور فارم 45کے مطابق نتائج جاری کیے جائیں ،جو جیتا ہے اسے جیتنے دیا جائے ،کراچی میں پی ٹی آئی، جماعت اسلامی کے مینڈیٹ پر ڈاکہ ماراگیا ہے ، ہمیںہمارا حق دیا جائے۔