آصف زرداری ،بلاول بھٹو میں حکومت سازی پر مشاورت
شیئر کریں
پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز کے سربراہ و سابق صدر مملکت آصف علی زرداری اور پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے درمیان لاہور میں انتہائی اہم ملاقات ہوئی ، دونوں رہنمائوں کے درمیان ایئرپورٹ پر ایک گھنٹہ ملاقات ہوئی جس میں اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ ذرائع کے مطابق آصف علی زرداری نے بلاول بھٹو زرداری کو گزشتہ روز ہنگامی بنیادوں پر لاہور طلب کیا تھا۔ آصف علی زرداری لاہور سے اسلام آباد جانے کے لئے روانگی کے دوران ائیر پورٹ پر ہی رک گئے ۔ بلاول بھٹو کی آمد پر دونوں کے درمیان ائیر پورٹ پر ہی ایک گھنٹہ تک ملاقات ہوئی ۔ ذرائع کے مطابق ملاقات میں حکومت سازی ،سیاسی جماعتوں اور آزاد اراکین سے اب تک ہونے والے رابطوں کے حوالے سے گفتگو ہوئی ۔ بتایا گیا ہے کہ ملاقات کے بعد آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو دوبارہ بلاول ہائوس لاہور پہنچ گئے جہاں انہوںنے پارٹی کے سینئر رہنمائوں سے مشاورت کی ۔ ذرائع کے مطابق سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس سے قبل مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کی قیادت کے درمیان ملاقات متوقع ہے تاہم اس حوالے سے کوئی واضح تصدیق نہیں ہو سکی ۔واضح رہے کہ آصف زرداری اور بلاول بھٹو کے درمیان حکومت سازی کے حوالے سے نون لیگ کے ساتھ معاملات طے کرنے میں کچھ معاملات پر اختلافات پائے جاتے ہیں۔