بارش نے پیپلز پارٹی کی کارکردگی کو بے نقاب کردیا،حافظ نعیم الرحمن
شیئر کریں
امیرِ جماعت ِاسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ رات کو ہونے والی بارش سے کراچی ڈوب گیا جس کے نتیجے میں پیپلز پارٹی کی کارکردگی سامنے آ گئی، کے پی اور لاہور میں بارش ہوتی ہے ، زندگی چلتی رہتی ہے ، یہاں بارش میں زندگی رک جاتی ہے ،ایم کیو ایم پیپلز پارٹی کے ساتھ جرم میں شریک ہے ، جس نے مینڈیٹ وڈیروں کو بیچا۔کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ وسائل کرپشن کی نظر ہو جاتے ہیں، بارش میں شہر ڈوبا ہوا تھا، کے پی اور لاہور میں بارش ہوتی ہے ، زندگی چلتی رہتی ہے، یہاں بارش میں زندگی رک جاتی ہے ۔حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ جماعتِ اسلامی کے بلدیاتی نمائندے رات بھر سڑکوں پر موجود رہے، ہمارے ٹائون کے نمائندوں نے بہت سے علاقوں کو کلیئر کیا ہے ۔ انہوںنے کہا کہ منصوبوں میں 70 فیصد کرپشن ہوتی ہے ، 30 فیصد میں کیا کام ہو گا؟ رات شہر میں 52 ملی میٹر بارش ہوئی، شہر ڈوب گیا، جس سے پی پی کی کارکردگی سامنے آ گئی، پی پی اربوں روپے الیکشن مہم پر لگا رہی ہے ۔ امیر جماعت ِاسلامی کراچی نے کہا کہ پوری شارعِ فیصل ڈوبی ہوئی تھی، رات تین تین بجے تک لوگ اپنے گھر پہنچے ، کے ایم سی نے ذمہ داری ادا نہیں کی، البتہ ہمارے چیئرمین اور کونسلر سڑکوں پر موجود رہے ، جو ہدایت سے پہلے ہی سڑکوں پر کھڑے تھے ۔انہوں نے کہا کہ میئر سارے اختیارات کے ساتھ ہیں، جو شہریوں پر ٹیکس لگائے جا رہے ہیں، صوبائی ادارے بھی انہیں کے ہیں، ایم کیو ایم پیپلز پارٹی کے ساتھ جرم میں شریک ہے ، جس نے مینڈیٹ وڈیروں کو بیچا۔حافظ نعیم الرحمن کا کہنا ہیکہ کل کی بارش کے بعد شہری سوچ رہے ہیں کہ شہر کا کوئی پرسانِ حال نہیں، شہری سیورج کا ملا ہوا پانی استعمال کرتے ہیں۔ان کا مزید کہنا ہے کہ آر اوز، ڈی آر اوز کے ذریعے کسی کو جیتنے نہیں دیں گے ، ایم کیو ایم دعوی کرتی تھی کسی کی حمایت کی ضرورت نہیں، آج 10 جماعتوں کی حمایت کے بعد بھی کچھ حاصل نہیں ہو گا۔امیرِ جماعتِ اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے یہ بھی کہا ہے کہ بارش کے باعث بجلی کے 120 فیڈر ٹرپ ہوئے ، ایک بارش نے سب کو بے نقاب کر دیا۔