ہنگامہ آرائی، پی ٹی آئی کے 5ہزار کارکنوں کیخلاف مقدمہ درج
شیئر کریں
کراچی کے علاقے کلفٹن میں تین تلوار پر فائرنگ اور ہنگامہ آرائی کے الزام میں پاکستان تحریک انصاف کے 5 ہزار کارکنوں کے خلاف انسداد دہشت گردی اور دیگر 11 دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔فریئر تھانے میں درج ایف آئی آر نمبر 31/24 کے تحت 15 پی ٹی آئی کارکنان گرفتار ہیں، گرفتار ملزمان میں گلزار قاضی، ایاز رحیم، سلطان رحیم، عبدالستار، محمد فہیم شامل ہیں، عدم گرفتار شدہ 4 سے 5 ہزار نامعلوم صورت شناس ملزمان بھی مقدمہ میں نامزد ہیں۔ مقدمات کے مطابق ایک دو روز سے سوشل میڈیا پر پی ٹی آئی کارکنان پرتشدد احتجاج کے لیے تیاری کر رہے تھے، اتوار کی شام مختلف علاقوں سے 4 سے 5 ہزار کارکنان تین تلوار پر جمع ہوئے، پی ٹی آئی کے پاس ریلی یا جلسے کا قانونی اجازت نامہ نہیں تھا۔ پولیس کی جانب سے انہیں ٹریفک اور دیگر معاملات میں خلل ڈالنے سے منع کیا گیا، مقدمے میں درجن سے زائد پولیس افسران اور ملازمین کو زخمی کرنے کا الزام بھی شامل ہے۔ ایف آئی آر کے مطابق پی ٹی آئی کارکنان کی فائرنگ اور پتھرؤا سے خوف و ہراس پھیلا اور پی ٹی آئی کی قیادت اور کارکنان کی دہشت گردی کی وجہ سے دکانیں بند کر دی گئیں۔