پی ٹی آئی کی الیکشن کمیشن کے خلاف توہین عدالت کی درخواست
شیئر کریں
پی ٹی آئی نے سپریم کورٹ میں الیکشن کمیشن کیخلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کرتے ہوئے اس پر فوری سماعت کی استدعا کی ہے ۔پی ٹی آئی کی جانب سے لیول پلیئنگ فیلڈ فراہمی کے فیصلے پر عملدرآمد نہ ہونے پر الیکشن کمیشن کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کی گئی ہے ۔درخواست میں چاروں چیف سیکریٹریز، آئی جیز، سیکریٹری داخلہ، سیکریٹری الیکشن کمیشن کو فریق بنایا گیا ہے ۔درخواست میں کہا گیا ہے کہ سیکریٹری الیکشن کمیشن نے 22 دسمبر کے حکم کے باوجود پی ٹی آئی کی شکایات کا ازالہ نہیں کیا۔درخواست میں کہا گیا کہ سپریم کورٹ کے واضح احکامات کے باوجود پی ٹی آئی امیدواروں کو ہراساں اور گرفتار کیا گیا۔پی ٹی آئی نے درخواست میں کہاکہ الیکشن کمیشن پنجاب نے الیکشن کمیشن کو پی ٹی آئی امیدواروں سے ہونیوالے سلوک سے بذریعہ خط آگاہ کیا۔درخواست میں کہا گیا کہ آئی جی پنجاب پی ٹی آئی کیخلاف ہونے والی کارروائیوں کے ماسٹرمائنڈ ہیں، الیکشن کمیشن کیخلاف سپریم کورٹ کے فیصلے پر عمل نہ کرنے پر توہین عدالت کارروائی کی جائے ۔درخواست میں استدعا کی گئی کہ عدالتی حکم عدولی کرنے والوں کیخلاف سخت کارروائی کی جائے ۔پی ٹی آئی نے درخواست میں اپنے امیدواروں کو ریلیوں اور جلسوں کی اجازت دینے کی بھی استدعا کی۔