بدنام زمانہ عارف بلڈرزاورایس بی سی اے کا گٹھ جوڑ بے نقاب
شیئر کریں
بدنام زمانہ عارف بلڈرز اور سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کا گٹھ جوڑ، قاسم آباد کے متعدد پراجیکٹس کے نقشوں میں متعدد بار ہیر پھیر، بسم اللہ ٹاور ایکسٹینشن میں پارکنگ کی جگہ پر فلیٹ بنا کر بیچ دیے ، الرحمان ٹاؤر، اربی اسکوائر، اول اسکوائر، الکریم ٹاؤر سمیت سینکڑوں پراجیکٹس نامکمل، عارف بلڈرز کی منظم مافیا نے سرکاری اداروں میں بھی پنجے گاڑ لیے ، متعددد تحقیقات زیر التوائ، تفصیلات کے مطابق حیدرآباد میں سرکاری و رفاحی پلاٹس پر قبضوں، غیرقانونی تعمیرات، فلڈ زون کی سرکاری زمینوں پر قبضے سمیت دیگر سنگین جرائم میں ملوث بدنام زمانہ بلڈرز اور سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی حیدرآباد میں گٹھ جوڑ کے باعث زیر تعمیر منصوبوں کے نقشوں میں متعدد بار ہیراپھیری کا انکشاف ہوا ہے ۔ روزنامہ جرأت کو ملنے والی معلومات کے مطابق گزشتہ 20 سال سے زیر تعمیر بسم اللہ ٹاؤر ایکسٹینشن پراجیکٹ کے ایک، دو اور تین کمروں پر مشتمل اپارٹمنٹس کی پارکنگ کی زمین پر فلیٹ بنا کر بیچ دیے گئے ، مذکورہ پراجیکٹس میں ناقص مٹیریل کے استعمال، نقشوں میں ہیراپھیری اور پارکنگ کی زمین پر فلیٹس بنانے کے باعث تعمیراتی اسٹرکچر کمزور ہوگیا ہے ، ذرائع کے مطابق مذکورہ منصوبوں کے نقشوں میں ہیراپھیری کا مرکزی سرغنہ سابقہ ڈپٹی ڈائریکٹر قاسم آباد عرس ڈاوچ ہے ، مذکورہ منصوبوں کے علاوہ قاسم آباد میں عارف بلڈرز الرحمان ٹاؤر، عربی اسکوائر، الکریم اور اول اسکوائر سمیت ایک درجن سے زائد رہائشی منصوبے 20 سال گزرنے کے باوجود نامکمل ہیں اور الاٹیز فائلیں لیکر دربدر ہیں۔ ذرائع کے مطابق عارف بلڈرز نے کچھ منصوبے غیرقانونی طور پر دوسرے بلڈرز کو بیچ دیے ہیں جس کے باعث ہزاروں الاٹیز کے کروڑوں روپے ڈوب چکے ہیں، واضح رہے کہ عارف بلڈرز پر اینٹی کرپشن سمیت دیگر اداروں میں متعدد تحقیقات زیر التواء ہیں لیکن عارف بلڈرز کی منظم مافیا کے سرکاری اداروں میں گاڑے ہوئے پنجوں کے باعث اس کے خلاف ادارے کارروائی کرنے سے قاصر ہیں۔