جماعت اسلامی کی اپیل پر ملک گیر شٹر ڈائون ہڑتال آج
شیئر کریں
جماعت اسلامی سندھ کے امیر محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ بجلی کے ظالمانہ بل ، ٹیکسوں کی بھر مار اور پیٹرول کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے عوام دشمن فیصلے کے خلاف جماعت اسلامی کی اپیل پر کراچی و اندرون سندھ سمیت ملک بھر میں ہفتہ 2ستمبر کو پُر امن اور بھر پور ہڑتال ہو گی ۔ ملک بھر کے عوام اور تاجر برادری سمیت تمام طبقات کے لوگ حکمرانوں سے اپنا حق لینے کے لیے ملک گیر ہڑتال کا حصہ بنیں گے ۔ حکومت آئی پی پیز سے کیے گئے عوام دشمن معاہدے ختم کرے ، آئی ایم ایف سے معاہدے پر نظر ثانی کرے ، بجلی و پیٹرول کی قیمتیں کم کریں ، سرکاری افسران ، اعلیٰ حکومتی عہدیداران کو مفت بجلی اور پیٹرول دینا بند کرے ۔ امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ ارباب ِ اختیار سن لیں ، ہم ملک میں انارکی نہیں چاہتے لیکن اگر پُر امن ہڑتال کو روکنے کی کوشش کی گئی تو حالات کی تمام تر ذمہ داری حکومت پر عائد ہو گی ، جماعت اسلامی کی ہڑتال ماضی کی طرح جلائو گھیرائو اور انسانوں کے قتل کی ہڑتال نہیں ہوگی ۔ ایم کیو ایم نے کراچی میں مسائل کے حل اور کراچی کے عوام کے حقوق کے لیے کبھی کوئی ہڑتال نہیں کی ۔ عوام کے مسائل حل نہ ہوئے اور کراچی کے عوام کو ان کا جائز اور قانونی حق نہ ملا تو اگلہ مرحلہ گورنر ہائوس پر دھرنا ہو گا۔