ایچ ای سی کے ایسوسی ایٹ ڈگری پروگرام پر سوالات اٹھنے لگے
شیئر کریں
ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کے ایسوسی ایٹ ڈگری پروگرام پر سوالات اٹھنے لگے ہیں، ڈی جے سائنس کالج میں شعبہ ارضیات داخلوں کے حوالے سے شدید طور پر متاثر ہو گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ہائر ایجوکیشن کمیشن کی جانب سے بی ایس سی کے ڈگری پروگرام کو ایسوسی ایٹ ڈگری اِن سائنس میں تبدیل کر دیا گیا ہے، جس کی وجہ سے شعبہ ارضیات میں طلبہ و طالبات کی رجسٹریشن انتہائی کم ہو گئی ہے۔ پروفیسر ڈی جے سائنس کالج نے بتایا کہ شعبہ ارضیات میں طلبہ کی تعداد 280 سے 80 رہ گئی ہے اور ڈیرھ سال سے امتحانات نہیں ہوئے۔ واضح رہے کہ کراچی میں قائم ڈی جے سائنس کالج صوبہ سندھ کا واحد سرکاری کالج ہے جہاں جیولوجی کا میوزیم موجود ہے، تاہم جب سے ایچ ای سی نے بی ایس سی کے ڈگری پروگرام کو تبدیل کیا ہے، طلبہ نے اس میں دل چسپی لینا چھوڑ دیا ہے۔ ڈی جے سائنس کالج کی خاتون پروفیسر نے بتایا کہ پروگرام میں اس تبدیلی کے بعد طلبہ پر یہ واضح نہیں ہے کہ دو سال یہاں پڑھنے کے بعد ان کا مستقبل ڈگری پر ہوگا یا ایسوسی ایٹ ڈگری یا ڈپلومہ پر ہوگا، یہ باتیں واضح نہ ہونے کی وجہ سے یہاں داخلے کم ہو گئے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ان دنوں امتحانات ڈیڑھ سال کے فرق سے ہو رہے ہیں، جس کی وجہ سے ہم دو کی بجائے تین سیشن چلانے پر مجبور ہیں۔