ہنڈا موٹرسائیکل کمپنی کی من مانیاں،31 سال پرانے طرز پر تیار کردہ موٹرسائیکلوں کی قیمتیں بڑھادیں
شیئر کریں
( رپورٹ:سید منور علی پیرزادہ )ہنڈا کمپنی نے ایک مرتبہ پھر اپنی تیار کردہ موٹرسائیکلوں کی قیمتیں بڑھادیں ، 31 سال پرانے طرز پر تیار کی جانے والی موٹرسائیکلوں کے نرخ میں 3 سے 20 ہزار روپے کا اضافہ 5 اگست 2023 ء سے کیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ھنڈا کمپنی کم وبیش 60 برس سے موٹرسائیکل سازی کی صنعت میں انتہائی معروف ہے ، ظاہر کیا جاتا ہے سالانہ تقریبا 9 لاکھ ھنڈا موٹرسائیکل ملک بھر میں فروخت ہوتی ہیں، موٹرسائیکل صنعت سے وابستہ انتہائی ذمہ دار ذرائع کا کہنا ہے کہ موٹرسائیکل کی تیاری میں 50 ہزار کی لاگت جبکہ مختلف محصولات کی ادائیگی کے بعد ایک موٹرسائیکل پر کمپنی کا خرچہ ایک لاکھ روپے تک پہنچتا ہے۔ اس کے برعکس ھنڈا موٹرسائیکل کی قیمتوں میں آئے دن ہوشربا اضافہ کیا جارہا ہے۔ یکم مئی 2023 ئ میں سی ڈی 70 کی قیمت 1 لاکھ 54 ہزار 9 سو روپے تھی ، سی ڈی 70 ڈریم کی قیمت 1 لاکھ 65 ہزار 9 سو روپے تھی ، جس میں 3 ہزار روپے کا اضافہ کیا گیا ، پرائیویسی قیمت 2 لاکھ 39 سو روپے اور سی جی 125 کی قیمت 2 لاکھ 29 ہزار 9 سو روپے تھی ، جس میں 5 ہزار روپے بڑھادیے گئے ہیں ، سی جی 125 ایس کی قیمت 2 لاکھ 75 ہزار 900 روپے تھی ، جس میں 7 ہزار روپے کا اضافہ کیا گیا ، سی بی 125 ایف کی قیمت 3 لاکھ 80 ہزار 9 سوروپے تھی ، جس میں 10 ہزار روپے بڑھائے گئے ، اسی طرح سی بی 150 کی قیمتیں 4 لاکھ 73 ہزار 9سو روپے اور 4 لاکھ 77 ہزار 9 سو روپے تھی ، جس میں 20 ہزار روپے بڑھائے گئے ہیں۔ذرائع کے مطابق ھندا موٹرسائیکل سازی کمپنی برسوں سے قیمتوں میں من چاہا اضافہ کررہی ہے ، سرکاری سطح پر قیمتوں کے تعین کا کوئی ضابطہ مقرر نہیں ہے ، جس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے قیمتیں بڑھائے جانے کا سلسلہ جاری ہے۔