میئر کراچی الیکشن ، 28پی ٹی آئی منحرف اراکین کو ڈی سیٹ کرنے کا مطالبہ
شیئر کریں
پاکستان تحریک انصاف نے میئر کراچی کے الیکشن میں شرکت نہ کرنے پر اپنے 28بلدیاتی نمائندوں کو ڈی سیٹ کرنے کیلئے الیکشن کمیشن کو خط لکھ دیا۔پی ٹی آئی نے خط میں الیکشن کمیشن سے منحرف اراکین کو ڈی سیٹ کرنے کا مطالبہ کیا ہے، خط میں وسیم عبدالوحید، طاہر پرویز، عمران پروانی، اسد امان سمیت 28 اراکین کے نام شامل ہیں، مخصوص نشستوں پر منتخب صنوبر فرحان اور عزیر صدیقی کا نام بھی فہرست میں موجود ہے۔میئر کراچی انتخابات میں عدم حاضری، پی ٹی آئی کے 31 منحرف ارکان کو پارٹی سے نکال دیا گیا،خط بلدیہ عظمی میں پی ٹی آئی کے پارلیمانی لیڈر مبشرحفیظ اللہ حق نے الیکشن کمیشن کو ارسال کیا ہے۔ جس میں کہا گیا ہے کہ منحرف اراکین نے پارٹی ہدایات کی خلاف ورزی کی۔ الیکشن کمیشن سے آئین کے تحت ان اراکین کو ڈی سیٹ کرنے کا مطالبہ کرتے ہیں۔واضح رہے کہ 15 جون کو ہونے والے میئر و ڈپٹی میئر کراچی کے الیکشن میں حافظ نعیم الرحمان جماعت اسلامی اور پاکستان تحریک انصاف کے مشترکہ امیدوار تھے جبکہ پیپلز پارٹی، جے یو آئی اور مسلم لیگ ن کے امیدوار مرتضی وہاب تھے۔پاکستان تحریک انصاف کے 31 ارکان کے غیر حاضر رہنے کی وجہ سے پیپلز پارٹی کے مرتضی وہاب 173 ووٹ لے کر میئر کراچی منتخب ہو گئے تھے جبکہ جماعت اسلامی کے حافظ نعیم الرحمان کو 160 ووٹ ملے تھے۔