فوجی تنصیبات کی سیکورٹی میں ناکامی لیفٹیننٹ جنرل سمیت 3اعلیٰ افسران فارغ
شیئر کریں
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنر ل احمد شریف نے نو مئی کے واقعات سے متعلق آگاہ کرتے ہوئے کہاہے کہ فوجی تنصیبات کی سکیورٹی برقرار رکھنے میں ناکامی پر لیفٹیننٹ جنرل سمیت اعلیٰ تین افسران فوج سے فارغ کر دیئے گئے ہیں،سانحے کی منصوبہ بندی کئی مہینوں سے چل رہی تھی،9 مئی کا سانحہ پاکستان کے خلاف بہت بڑی سازش تھی، جو کام دشمن 76سالوں سے نہ کر سکے وہ چند شر پسندوں نے کر دکھایا ،سانحہ 9 مئی کو نہ بھلایا جائیگا اور نہ ملوث عناصرکو معاف کیا جاسکتا ہے، تمام ملوث کرداروں کو آئین پاکستان اور قانون کے تحت سزا دی جائیگی، اس عمل کو انجام تک پہنچانے میں رکاوٹ ڈالنے والوں کے خلاف سختی سے نمٹا جائیگا، فوج نے اپنی روایات کے مطابق خود احتسابی مرحلے کو مکمل کرلیا، ایک ریٹائرڈ فور اسٹار کی نواسی اور ایک ریٹائرڈ فور اسٹار افسر کا داماد بھی گرفت میں ہے،3 میجر جنرلز اور7 بریگیڈیئرز سمیت15افسران کے خلاف تادیبی کارروائی مکمل ہو چکی ہے،فوجی عدالتوں میں 102 شرپسندوں کا ٹرائل کیا جا رہا ہے اور یہ جاری رہے گا ۔جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ پریس کانفرنس کا مقصد 9 مئی کے واقعات سے متعلق آگاہ کرنا ہے، 9 مئی کے واقعات نے ثابت کیا کہ جو کام دشمن نہ کرسکا ان چند شرپسندوں نے کر دکھایا، 9 مئی کا سانحہ پاکستان کے خلاف بہت بڑی سازش تھی، اس سازش کیلئے سوشل میڈیا پر جھوٹ پھیلایا گیا۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہاکہ اب تک کی تحقیقات میں بہت سے شواہد مل چکے اور مل رہے ہیں، افواج پاکستان آئے روز عظیم شہدا کے جنازوں کو کندھا دے رہی ہیں ، روزانہ کی بنیاد پر دہشت گردوں کی سرکوبی کی جارہی ہے، 9مئی کو شہدا پاکستان کے خاندانوں کی دل آزاری کی گئی، شہدا کے خاندان آج کڑے سوال کر رہے ہیں، کیا ان کے پیاروں نے قوم کے لیے جانیں اس لیے دی تھیں، شہدا کے ورثا سوال کر رہے ہیں کہ ملوث افراد کب قانون کے کٹہرے میں لائے جائیں گے، آرمی کے تمام رینکس سوال اٹھا رہے ہیں کہ ہمارے شہدا کے یادگاروں کی اسی طرح بے حرمتی ہو رہی ہے تو ہمیں جانیں قربان کرنے کی کیا ضرورت ہے۔میجر جنر ل احمد شریف نے کہا کہ 9 مئی کا سانحہ انتہائی افسوسناک تھا، سانحے کی منصوبہ بندی کئی مہینوں سے چل رہی تھی ، اس شرانگیز بیانیے سے لوگوں کی ذہن سازی کی گئی، جو کام دشمن نہ کرسکا وہ چند مٹھی بھر لوگوں نے کیا، دہشت گردی کے خلاف آپریشن یکسوئی سے جاری ہے، افواج پاکستان کے خلاف زہریلا پروپیگنڈا کیا جارہا ہے، افواج کوکسی صورت اپنے عوام سے جدا نہیں کیا جاسکتا، ایک سال سے سیاسی مقاصد اور اقتدار کی ہوس میں جھوٹا پروپیگنڈا چلایا گیا، پاک فوج کی فیصلہ سازی میں مکمل ہم آہنگی اور شفافیت ہے۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ رواں سال 95 افسران اور جوانوں نے جام شہادت نوش کیا، دہشت گردی کے خلاف کامیاب جنگ آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جاری رہے گی، افواج پاکستان ملک کے دفاع اور عوام کی فلاح و بہبود کے لیے قربانیاں دیتی رہیں گی، عوام کا اعتماد کہ حالات جیسے بھی ہوں ،فوج کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی، کیسے بھی حالات ہوں، افواج پاکستان کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گی۔انہوںنے کہاکہ سانحہ 9 مئی کو نہ بھلایا جائیگا اور نہ ملوث عناصرکو معاف کیا جاسکتا ہے، تمام ملوث کرداروں کو آئین پاکستان اور قانون کے تحت سزا دی جائیگی، اس عمل کو انجام تک پہنچانے میں رکاوٹ ڈالنے والوں کے خلاف سختی سے نمٹا جائیگا۔ نجی ٹی وی کے مطابق انہوںنے بتایاکہ فوج نے اپنی روایات کے مطابق خود احتسابی مرحلے کو مکمل کرلیا، مفصل احتسابی عمل کے بعد فیصلہ کیا گیا کہ سکیورٹی میں ناکامی کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے، فوجی تنصیبات اور جی ایچ کیو کے سکیورٹی کے ذمہ داران کے خلاف کاروائیاں کی گئی ہیں، ایک لیفٹیننٹ جنرل سمیت 3 دیگر کو عہدے سے برخاست کردیا گیا ہے۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا کہ فوجی عدالتوں میں 102 شرپسندوں کا ٹرائل کیا جا رہا ہے اور یہ جاری رہیگا، فوج میں خود احتسابی کا عمل بغیر کسی تفریق کے کیا جاتا ہے۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ ایک ریٹائرڈ فور اسٹار کی نواسی اور ایک ریٹائرڈ فور اسٹار افسر کا داماد بھی گرفت میں ہے، 3 میجر جنرلز اور7 بریگیڈیئرز سمیت15افسران کے خلاف تادیبی کارروائی مکمل ہو چکی ہے۔