مچھلی کاگوشت شوگر اور دل کے مریضوں کیلئے انتہائی مفید
شیئر کریں
حکومت مچھلی پال حضرات اور فش فارمرز کو تمام ممکن سہولیات کی فراہمی کیلئے بھرپور اقدامات کررہی ہے تاکہ یہ افرادزیادہ سے زیادہ مچھلی پیدا کرکے اس کے گوشت کی ملکی ضروریات کو پورا کرنے میں معاون ثابت ہو سکیں۔ محکمہ ماہی پروری فیصل آباد کے ترجمان نے بتایا کہ مچھلی کاگوشت زود ہضم ہونے کے ساتھ ساتھ شوگر اور دل کے امراض کے مریضوں کیلئے انتہائی مفید ہے۔انہوں نے کہاکہ خوشحال پاکستان کیلئے محنتی کسانوں اور مویشی پال افراد کے ساتھ ساتھ مچھلی پال حضرات کی کاوشیں لائق تحسین ہیں لیکن روائتی ذرائع پر انحصارکے باعث وہ اپنی آمدنی میں اضافہ نہیں کر پارہے۔ انہوں نے بتایاکہ محکمہ نے فش فارمرز کیلئے مختلف سہولیات اور تکنیکی مشاورت کاآغاز کردیاہے جس کے باعث مچھلی فارموں سے زیادہ سے زیادہ مچھلی کی پیداوار حاصل کی جاسکے گی۔ انہوں نے کہاکہ ایسی بیکار، بنجر،کلراٹھی، ناقابل کاشت زمینیں جو کسی استعمال میں نہیں وہاں محکمانہ سفارشات کے تحت مچھلی فارم بنا کر اپنی آمدنی میں اضافہ کیاجاسکتاہے۔