حب: 1320 میگا واٹ کے کول پاور پلانٹ کا سنگ بنیاد
شیئر کریں
کراچی (ویب ڈیسک)چین پاکستان اقتصادی راہداری کے تحت بلوچستان کے ضلع لسبیلہ کی تحصیل حب میں پہلے کول پاور پلانٹ کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیا ہے ، 2 ارب ڈالر کی لاگت سے تعمیر ہونے والا یہ منصوبہ سال 2019 میں مکمل ہوگا، پاور پلانٹ کا سنگ بنیاد وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے رکھا، 1320 میگاواٹ کا یہ کول پاور پلانٹ حبکو اور چائنا پاور انوسٹمنٹ کمپنی کا مشترکہ منصوبہ ہے ۔اس موقع پر وفاقی وزیر احسن اقبال کا کہنا تھا کہ حکومت کی مؤثر حکمت عملی کی وجہ سے پاکستان ترقی کے سفر پر اڑان بھر چکا ہے ، جنگی بنیادوں پر کیے گئے اقدامات کے باعث توانائی کا بحران ختم ہو رہا ہے ، راہداری منصوبے کے تحت توانائی کے 35 ارب ڈالر کے نئے پروجیکٹس شروع کیے جائینگے ،منصوبے میں ماس ٹرانزٹ، روڈز اور پانی کے منصوبے شامل کردیے گئے ہیں، چین نے ثابت کر دیا ہے کہ پاکستان سرمایہ کاری کیلئے محفوظ ملک ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان کی گوادر بندرگاہ سی پیک کا گیٹ وے ہے، سی پیک کسی کے خلاف نہیں، اس سے خطے کے دیگر ملک بھی فائدہ اٹھاسکتے ہیں۔ ا نہوں نے کہا کہ سی پیک میں کام کرنے والے چینی محنت کش پاکستانی قوم کے مہمان ہیں،اس لیے ان کی بھرپور مہمان نوازی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کو ماضی میں نظر انداز کیا جاتا رہا ہے مگر اب سی پیک کے ذریعے ملکی معیشت کی نظریں گوادر پر مرکوز ہیں،اس سال گوادر انٹرنیشنل ائرپورٹ، th 9ایکسپریس وے اور پینے کے صاف پانی کے پلانٹ کا گوادر میں افتتاح کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ٹارگٹ رکھا ہوا ہے کہ 2025ء میں پاکستان کو دنیا کی 25مضبوط معیشت رکھنے والے ممالک میں شامل کرنا ہے اور 2030ء میں 20 مضبوط معیشت رکھنے والے ملکوں میں شامل کرنا ہے ۔ اس موقع پر چیئرمین اسٹیٹ پاور انوسٹمنٹ کارپوریشنWang Binghua نے کہا کہ حب میںدونوں پاور پلانٹ دو سال کے عرصے میں مکمل کریں گے ۔