میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
نہم و دہم جماعت کے سالانہ امتحانات، طلباء کے لیے سہولیات کا مسئلہ

نہم و دہم جماعت کے سالانہ امتحانات، طلباء کے لیے سہولیات کا مسئلہ

جرات ڈیسک
اتوار, ۷ مئی ۲۰۲۳

شیئر کریں

میٹرک بورڈ کراچی کے تحت نہم و دہم جماعت کے سالانہ امتحانات کا آغاز پیر 8 مئی سے ہوگا جس میں تقریبا 3 لاکھ 93  ہزار امیدوار شریک ہوں گے۔ ثانوی تعلیمی بورڈ کے چیئرمین سید شرف علی شاہ نے دعویٰ کیا ہے کہ رواں برس پہلی مرتبہ نہم و دہم جماعت کیلئے بورڈ کی طرف سے ایڈمٹ کارڈ آن لائن جاری کیے گئے ہیں۔ کراچی کے 18 مختلف ٹاؤنز میں خصوصی مرکز قائم کیے گئے ہیں جہاں پر بورڈ کے افسرام امتحانی پرچوں کی ترسیل پر مامور ہوں گے۔ انہوں نے ناظم امتحانات اور دیگر افسران ہدایت کی ہیکہ تمام امتحانی مراکزکے باہر ہدایات آویزاں کریں کہ طلبہ کسی بھی قسم کی ڈیوائس، موبائل فون یا کسی بھی قسم کے نقل کا موادہر گز اپنے ساتھ نہ لائیں۔ تمام امتحانی مراکز پر دفعہ 144 کے تحت بیرونی مداخلت پر پابندی ہوگی اور ان کے اطراف میں کام کرنے والی فوٹو اسٹیٹ کی مشینیں دوران امتحان بند رہیں گی۔ امتحانات کی نگرانی کیلئے بورڈ آفس میں رپورٹنگ سیل قائم کیا جائے گا جہاں نقل کی روک تھام کیلئے بورڈ کی خصوصی ٹیمیں رپورٹ کے حوالے سے اقدامات کریں گی۔ امتحانی پرچوں کی ترسیل کیلئے ایک موثر نظام تشکیل دیا گیا ہے۔ ویجلینس آفیسر ہر امتحانی مرکز پر روزانہ کی بنیاد پر وقت امتحان سے آدھے گھنٹہ قبل امتحانی مرکز پر پہنچے گا اور دوران امتحان پورا وقت وہاں پر رہ کر نقل کی روک تھام کیلئے اقدامات اور نگرانی کرے گا۔ حکومت ضلعی انتظامیہ اور بورڈ کے ذریعے نقل پر قابو پانے کیلئے اجتماعی کاوش کر رہی ہے، سندھ حکومت کی ہدایت پر شفاف امتحانات کے انعقاد کیلئے تمام اداروں سے تعاون حاصل کیا جا رہا ہے۔ بورڈ نے (کے الیکٹرک) کی انتظامیہ سے امتحانات کے دوران لوڈشیڈنگ نہ کرنے کی تحریری درخواست کی ہے تا کہ بچے اچھے ماحول امتحانات دے سکیں۔
ثانوی تعلیمی بورڈ کے چیئرمین کی جانب سے نہم و دہم کے امتحانات پرامن ماحول میں منعقد کرانے کے لیے ان کے بتائے ہوئے اقدامات بلا شبہ اچھے ہیں اور ان پر پوری طرح عمل درآمد اور ویجیلنس افسران کی جانب سے اپنے فرائض کی صحیح طورپر انجام دہی سے یہ امتحانات ماضی کی نسبت بہتر اور خوشگوار ماحول میں مکمل ہوسکتے ہیں، لیکن چیئرمین بورڈ نے تمام انتظامی اقدامات کے ساتھ امتحانی مراکز پر طلبہ کیلئے ٹھنڈے پانی کی فراہمی، حوائج ضروریہ سے فراغت کیلئے صاف ستھرے ٹوائلٹ کے انتظامات اور تمام کلا س رومز کو دھوپ سے بچانے اور بچوں کو گرمی سے بچانے کیلئے پنکھوں کی درستگی کے بارے میں کچھ نہیں کیا جبکہ ہر سال اس ضمن میں جو شکایات سامنے آتی ہیں ان میں ٹوائلٹ کی عدم صفائی اور بعض مراکز پر سرے سے ٹوائلٹ کے ناقابل استعمال ہونے، پنکھوں کی خرابی کی وجہ سے امتحان کے دوران بچوں کے پسینے میں شرابور ہونے او ر ٹھنڈے پانی کی عدم فراہمی کی شکایات سب سے زیادہ ہوتی ہیں، چیئر مین بورڈ کو اس جانب بھی توجہ دینی چاہئے اور امتحانی مراکز میں طلبہ کو آسانیا ں فراہم کرنے کیلئے فوری اقدامات یقینی بنانے چاہئیں۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں