سندھ اور نیویارک کو جڑواں اسٹیٹ قرار دینے کی تجویز پر اتفاق
شیئر کریں
گورنرسندھ کامران خان ٹیسوری اور نیویارک اسٹیٹ اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر فل راموس کے درمیان سندھ اور نیویارک کو جڑواں اسٹیٹس قرار دینے کی تجویز پر اتفاق کرلیا گیا ہے اس تجویز پر پیش رفت کے لئے نیویارک اسٹیٹ اسمبلی کا وفد جلد صوبہ سندھ کادورہ کرے گا اس کے بعد دونوں اسمبلیوں میں سندھ اور نیویارک کو سسٹر اسٹیٹس بنانے کی قرارداد پیش کی جائے گی۔ واضح رہے کہ گورنرسندھ کامران خان ٹیسوری جو ان دنوں امریکہ کے دورے پر ہیں،کے اعزاز میں امریکن پاکستانی پبلک آفیئرز کمیٹی کے چیئرمین ڈاکٹر اعجاز احمد نے استقبالیہ دیا۔ اس استقبالیہ میں گورنر سندھ اور نیویارک اسٹیٹ اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر فل راموس کے درمیان تفصیلی بات چیت ہوئی۔ سسٹر اسٹیٹس بننے کے بعد سندھ اور نیویارک کی جامعات ،اسپتالوں اور تحقیقی اداروں کی مابین قریبی تعاون فروغ پائے گا اس سے طالب علموں کے وفودکے تبادلوں اور ذہین طالب علموں کے لئے اسکالرشپس کا راستہ بھی ہموار ہوگا۔ ساحلی شہر اور تجارتی مراکز ہونا کراچی اور نیویارک میں مشترک ہے۔ کراچی کو پاکستان اور نیویارک کو ریاست ہائے متحدہ امریکہ کا دارالخلافہ ہونے کا اعزاز بھی حاصل رہا ہے۔