مشعال ملک کی مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فسطائیت پر دنیا کی خاموشی کی مذمت
ویب ڈیسک
اتوار, ۱۶ اپریل ۲۰۲۳
شیئر کریں
پیس اینڈ کلچر آرگنائزیشن کی چیئرپرسن مشعال حسین ملک نے مقبوضہ جموں وکشمیر میںبھارتی حکومت کے بڑھتے ہوئے مظالم پر عالمی طاقتوں اور اقوام متحدہ کے اداروں کی خاموشی پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔بھارتی جیل میں نظربند حریت رہنما محمد یاسین ملک کی اہلیہ مشعال حسین ملک نے ایک بیان میں کہا کہ یوکرین پر روس کے حملے کے خلاف دنیا متحد ہوگئی اورایکدوسرے کے ساتھ ہاتھ ملایا لیکن بھارت کی فسطائی حکومت کی غیر انسانی پالیسیوں پردنیا نے مجرمانہ خاموشی اختیار کررکھی ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت نے مقبوضہ جموں وکشمیرمیں زندہ رہنے کے حق سمیت لوگوں کے تمام بنیادی حقوق سلب کر رکھے ہیں لیکن ستم ظریفی یہ ہے کہ عالمی برادری اور انسانی حقوق کی تنظیمیں خاموش تماشائی بن کر اس صورتحال کو دیکھ رہی ہیں۔