سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی ،ڈائریکٹر جنرل اسحاق کھوڑو کا کارندہ احسن خشک بلڈر مافیا کا حافظ بن گیا
شیئر کریں
( وقائع نگار خصوصی ) سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل اسحاق کھوڑو کا خاص کارندہ احسن خشک ضلع جنوبی میں ہونے والی غیر قانونی تعمیرات کرنے والی بلڈر مافیا کا حافظ بن گیا ۔ احسن خشک نے اینٹی کرپشن کے بعض افسران کا ماہانہ بھتہ باندھ کر خود کو اینٹی کرپشن کے کیسز سے بچا رکھا ہے ۔ ڈائریکٹر ضلع جنوبی آصف شیخ اور ڈپٹی ڈائریکٹر راشد ناریجو بھی احسن خشک کے ذریعے ہی بلڈر مافیا سے معاملات طے کرتے ہیں ضلع جنوبی میں احسن خشک کے خلاف بلڈروں سے غیر قانونی تعمیرات کی مد میں بھتہ وصولی کی درجنوں شکایات کے باوجود اینٹی کرپشن کی جانب سے کارروائی سے گریز کیا جارہا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق انتہابی باخبر ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ ضلع جنوبی میں بدنام اسسٹنٹ ڈائریکٹر احسن خشک کی پشت پناہی میں ڈائریکٹر جنرل سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی اسحاق کھوڑو کررہے ہیں اسحاق کھوڑو جوکہ ایک طویل عرصے سے بے اختیار ڈائریکٹر جنرل تھے ان کو اچانک ہی ایس بی سی اے کو کنٹرول کرنے والوں کی جانب سے ایک بار پھر مکمل اختیارات دے دیئے گئے ہیں لیکن اسحاق کھوڑو جن کو ایک طویل عرصے سے ماتحتوں کی غلامی کی عادت پڑی ہے وہ اس عادت سے باہر نہیں نکل سکے ہیں معلوم ہوا ہے کہ ضلع جنوبی میں ہونے والی غیر قانونی تعمیرات کے سرپرست اسسٹنٹ ڈائریکٹر احسن خشک بھی ڈائریکٹر جنرل اسحاق کھوڑو کو اپنے اشاروں پر چلارہے ہیں ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اسسٹنٹ ڈائریکٹر احسن خشک کے خلاف درجنوں شکایات کے باوجود اسحاق کھوڑو کی جانب سے کوئی ایکشن نہیں لیا جارہا ہے ذرائع کا کہنا ہے کہ اسسٹنٹ ڈائریکٹر احسن خشک نے ڈائریکٹر جنرل ایس بی سی اے کے ڈیفنس فیس 8 میں ہونے والی ایک ذاتی تعمیرات میں اپنا بڑا حصہ ڈالا ہے معلوم ہوا ہے کہ احسن خشک نے اینٹی کرپشن کو بھی کنٹرول کیا ہوا ہے اس نے اینٹی کرپشن کے بعض افسران کے ماہانہ بھتے باندھے ہوئے ہیں جو اس کے خلاف انکوائریاں شروع نہیں ہونے دیتے ہیں ذرائع کا کہنا ہے کہ ایس بی سی اے کے بدنام زمانہ کرپٹ ڈائریکٹر ضلع جنوبی آصف شیخ اور ڈپٹی ڈائریکٹر راشد ناریجو نے بھی ضلع جنوبی میں ہونے والی غیرقانونی تعمیرات کے حوالے سے احسن خشک کو ہی آگے کرتے ہیں معلوم ہوا ہے کہ لی مارکیٹ میں رینٹ فری پلاٹوں پر بدنام بلڈر مقدر خان کی جانب سے غیر قانونی کثیر المنزلہ تعمیرات کی جارہی ہیں ذرائع کا کہنا ہے کہ بلڈر مقدر خان سے ایس بی سی اے کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر احسن خشک نے معلامات طے کئے ہوئے ہیں جس سے حاصل ہونے والا بھتہ ڈائریکٹر آصف شیخ اور ڈپٹی ڈائریکٹر راشد ناریجو کو جاتا ہے اسی طرح شیٹ نمبر SR-6 پلاٹ نمبر 17 شاہراہ لیاقت سرائے کوارٹر پر PRESTIGE RESIDENCY کے نام سے جعلی لیز پر بننے والے پراجیکٹ سے بھی احسن خشک اور راشد ناریجو بھاری بھتہ وصول کررہے ہیں مذکورہ پراجیکٹ میں بلڈر نے 20 فٹ چوڑی پبلک سڑک کو پلاٹ کا حصہ ظاہر کیا ہے جبکہ پلاٹ کی کٹ لائن پر بکنگ آفس بناکر ایس بی سی اے سے بغیر این او سی برائے فروخت و تشہیر فروخت کرنا شروع کردیا ہے ۔ نمائندہ جرأت نے اس حوالے سے جب ڈائریکٹر جنرل اسحاق کھوڑو سے رابطہ کرنا چاہا تو انہوں نے فون اٹینڈ نہیں کیا جبکہ ڈپٹی ڈائریکٹر راشد ناریجو اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر احسن خشک کی جانب سے بھی متعدد بار رابطہ کرنے پر ان کی جانب سے کوئی جواب نہیں دیا گیا ۔