حکومت نیشنل ڈائیلاگ شروع کرے ،ناراض رہنماؤں کو خود جاکر مناؤں گا، چوہدری شجاعت
شیئر کریں
مسلم لیگ (ق) کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ پچاس سالہ سیاسی سفر میں کبھی ملک کے اتنے پچیدہ حالات نہیں دیکھے، حکومت نیشنل ڈائیلاگ شروع کرے ناراض رہنماؤں کو خود جاکر مناؤں گا۔اسلام آباد میں پاکستان مسلم لیگ کی مرکزی و صوبائی جنرل کونسل کے مشترکہ اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ سیاسی سفر کے 50 سال ہو گئے اتنے پچیدہ حالات کبھی نہیں دیکھے۔ سیاستدان جلتی آگ پر پانی ڈالیں،ملک جلاؤ، گھیرائو کا متحمل نہیں ہو سکتا۔چوہدری شجاعت کا کہنا تھا کہ ’ہنگاموں، دھرنوں سے قوم پریشان اور ڈپریشن کا شکار ہوگئی ہے جبکہ لوگوں میں ایسے حالات کی وجہ سے مایوسی بھی بڑح رہی ہے‘۔انہوں نے کہا کہ ’حکومت نیشنل ڈائیلاگ شروع کرے، ناراض قومی رہنماؤں کے پاس جانے اور انہیں منانے کیلیے تیار ہوں، مسائل کا حل سیاست دانوں کے پاس ہے ،تمام قوتیں مل بیٹھ کر پاکستان کا سوچیں‘۔دریں اثنا چوہدری شجاعت حسین کی زیر صدارت پارٹی کی مرکزی و صوبائی جنرل کونسل کا اجلاس ہوا، جس میں طارق بشیر چیمہ،چوہدری سالک حسین، مسز فرخ خان،طارق حسن،رضوان صادق،دلفرازخان سمیت چاروں صوبوں سے پارٹی رہنماؤں نے شرکت کی۔صوبائی کونسل نے چوہدری سرور کو پنجاب کا صدر جبکہ چوہدری شافع حسین کو جنرل سیکرٹری منتخب کیا، جس پر انٹر پارٹی الیکشن کے چیئرمین مصطفیٰ ملک نے چوہدری سرور اور شافع حسین کے بلامقابلہ منتخب ہونے کا فیصلہ کیا۔