ایم کیو ایم لندن کی کراچی میں انٹری دینے کی تیاری
شیئر کریں
ایم کیو ایم لندن نے کراچی میں 18 مارچ کو یوم تاسیس کے موقع پر انٹری دینے کی تیاریاں شروع کر دیں پارٹی کو ایک پھر فعال کرنے کے لیے تنظیم نو بھی کر دی گئی مصطفیٰ عزیز آبادی اور سفیان یوسف کو کارکنان سے رابطے کا ٹاسک دے دیا گیا حساس اداروں نے ایم کیو ایم لندن کی شہر میں انٹری روکنے کا مسودہ تیار کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم لندن کی جانب سے گزشتہ روز پارٹی کی نئی تنظیم نو کر دی گئی جس کے تحت بانی متحدہ کی ہدایت پر مصطفیٰ عزیز آبادی کو پارٹی کے نئے کنوینر ،شاہد رضا اور ریحان عبادت کو بطور ڈپٹی کنوینر پارٹی کی کمان سونپ دی گئی ہے قاسم علی رضا کو نیشنل اینڈ انٹرنیشنل انفارمیشن سیکریٹری ،ارشد حسین کو ڈپٹی سیکریٹری انفارمیشن،ڈاکٹر ندیم احسان کو رابطہ کمیٹی کا ایڈوائزر مقرر کیا گیا ہے جبکہ رابطہ کمیٹی کے اراکین میں بھی اضافہ کیا گیا ہے۔ ایم کیو ایم کی جانب سے کراچی سے کارکنان سے رابطے کا ٹاسک دو رہنماؤں کو دیا گیا ہے جو حالیہ دنوں پارٹی کو ایک بھر فعال کرنے کے لیے کارکنان سے رابطے کر رہے ہیں اس سلسلے میں کراچی سے تعلق رکھنے والے کارکنان کو یوم تاسیس منانے اور تیاریوں کا آغاز کرنے پر بھی زور دیا جا رہا ہے تمام تر معاملات سے آگاہ ہوتے ہی حساس اداروں نے ایم کیو ایم لندن کو شہر میں فعال ہونے سے روکنے کے لیے حکمت عملی مرتب کر لی ہے جس کے تحت کسی بھی شخص کی ایم کیو ایم لندن سے وابستگی سامنے یا بانی متحدہ کے حق میں وال چاکنگ کرنے پر نہ صرف گرفتاری عمل میں آئے گی بلکہ ملک دشمن سرگرمیوں میں ملوث پائے جانے کے پیش نظر مقدمات بھی درج کیے جائیں گے۔