میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
اسلام آباد ہائی کورٹ  نے میانوالی کی نشست پر ضمنی انتخاب روک دیا

اسلام آباد ہائی کورٹ نے میانوالی کی نشست پر ضمنی انتخاب روک دیا

جرات ڈیسک
پیر, ۳۱ اکتوبر ۲۰۲۲

شیئر کریں

اسلام آباد ہائی کورٹ نے توشہ خانہ ریفرنس میں عمران خان کی نااہلی فوری معطل کرنے کی استدعا مسترد کر دی تاہم الیکشن کمیشن کو عمران خان کی نااہلی کے بعد میانوالی کی خالی قرار دی گئی قومی اسمبلی کی نشست پر انتخابی شیڈول جاری کرنے سے روک دیا۔ پیر کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں عمران خان کی توشہ خانہ کیس میں نااہلی کے خلاف درخواست پر سماعت جسٹس عامرفاروق نے کی، پی ٹی آئی چیئرمین کی جانب سے بیرسٹر علی ظفر عدالت میں پیش ہوئے۔ عمران خان کے وکیل علی ظفر نے عدالتی استفسار پر بتایا کہ قومی اسمبلی کے اسپیکر نے عمران خان کے خلاف ریفرنس الیکشن کمیشن کو بھجوایا جس پر فیصلہ سنایا گیا، الیکشن کمیشن کو ریفرنس پر اپنی رائے دینا ہوتی ہے، الیکشن کمیشن کو90 دن میں سوالات کا جواب دینا ہوتا ہے۔ بیرسٹر علی ظفر نے بتایا کہ ہر رکن کو 30 جون تک جائیداد اور زیورات سمیت تمام اثاثوں کی تفصیلات جمع کرانا ہوتی ہیں، اگر کوئی چیز بیچ دی ہو تو اس سے حاصل رقم کا بتانا ہوتا ہے، اگر کوئی ممبر تفصیلات نہ بتائے تو رکنیت معطل ہو جاتی ہے، گوشوارے جمع نہ کرانا یا غلط معلومات دینا کرپٹ پریکٹس ہے۔ درخواست گزار کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ عمران خان کو بطور ایم این اے نااہل کر کے ڈی سیٹ کیا گیا، عمران خان کی نااہلی کافیصلہ معطل کیا جائے۔ جسٹس عامرفاروق نے ریمارکس دیے کہ فیصلہ معطل نہیں کر رہے، ضمنی الیکشن سے روک دیتے ہیں، فیصلہ معطل کرنے کی درخواست فریقین کوسن کر ہی نمٹائیں گے۔ اسلام آباد ہائی کورٹ نے الیکشن کمیشن کو میانوالی کی نشست این اے95 پر انتخابی شیڈول جاری کرنے سے روک دیا گیا۔ اس کے علاوہ الیکشن کمیشن کا فیصلہ معطل کرنے کی درخواست پر بھی نوٹس جاری کردیے گئے۔ کیس کی سماعت 10 نومبر تک ملتوی کر دی گئی۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں