بنوریہ قبضہ گروپ لیاقت آباد کی حسنین مسجد پر قبضے کے لیے سرگرم
شیئر کریں
شہر کی حساس مساجد پر بھی بنوریہ گروپ قبضوں میں ملوث ، حسنین مسجد پر قبضے سے علاقے کا ماحول کشیدہ ہونے کا خطرہ منڈلانے لگا
مسجد کے امام مولانا مبین کو ہٹانے کی کوششیں ناکام، موذن کو دھکے مار کر نکال دیا،تمام قبضوں کی سرپرستی مفتی نعمان خود کرتے ہیں
کراچی (نمائندہ جرأت)بنوریہ قبضہ گروپ کی جانب سے مساجد پر قبضوں کا سلسلہ رکنے کانام ہی نہیں لے رہا۔ اطلاعات کے مطابق بنوریہ کا قبضہ گروپ شہر کی بعض ایسی مساجد پر بھی قبضوں میں ملوث ہے جو انتہائی حساس نوعیت کی مساجد کہلاتی ہیںاور جہاں ماضی میں امن وامان کے مسائل انتہائی شدت کے ساتھ رہے ہیں۔ بنوریہ قبضہ گروپ حالیہ دنوں میں لیاقت آباد خاموش کالونی میں واقع حسنین مسجد پر بھی قبضے کے لیے کوشاں ہے جہاں ماضی میں حساس نوعیت کے واقعات جنم لیتے رہے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق اس مسجد کے امام مولانا مبین صاحب ہیں جو عرصہ دس سال سے یہاں موجود ہیں اور علاقے میںحساس فرقہ وارانہ حالات میں دوستانہ ماحول کے ذریعے امن و امان کو برقرار رکھنے کادینی فریضہ بھی انجام دے رہے ہیں۔ مگر بنوریہ کا قبضہ گروپ اپنی حرص اور مساجد کے بڑے نیٹ ورک پر اپنا انتظام مسلط کرنے کی خواہش میںیہاں کا ماحول بھی کشیدہ کرنے پر تُلا ہے۔ اطلاعات کے مطابق بنوریہ قبضہ گروپ نے گزشتہ دنوں مسجد کے موذن کو دھکے مار کر نکالااور جامعہ بنوریہ کے بورڈ زبردستی لگا کر چلے گئے۔ بنوریہ قبضہ گروپ متعدد مرتبہ اس مسجد پر قبضے کی کوشش کرچکا ہے مگر تاحال یہ تمام کوششیں اہلِ محلہ نے ناکام بنائی ہیں۔ مگر بنوریہ قبضہ گروپ ابھی تک اپنی حرکتوں سے باز نہیں آرہا جس سے علاقے کے حساس ماحول میں نقضِ امن کا خدشہ لاحق ہے۔جامعہ بنوریہ العالمیہ سائٹ کے اندرونی ذرائع کے مطابق مفتی نعیم مرحوم کے بیٹے اپنے والد سے زیادہ حریصانہ سرگرمیوں کا حصہ بن چکے ہیں جس سے اس مدرسے کا دینی تشخص بھی گہنا رہا ہے۔