سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی، پٹہ سسٹم مافیابھتے کی رقم جیولر ،منی چینجر کے ذریعے ٹھکانے لگانے لگا
شیئر کریں
سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کی پٹہ سسٹم مافیا غیر قانونی تعمیرات سے ملنے والے بھتہ کو صدر کے ایک جیولر اور میٹرو پول ہوٹل کے قریب واقع منی چینجر کے ذریعے ٹھکانے لگانے لگی، پٹہ سسٹم مافیا کے سہولت کار جیولر اور منی چینجر مافیا کیلئے حوالے کا کام کرتے ہیں ۔ جیولر رقم کو سونے کے بسکٹوں کی شکل میں تبدیل کرتا ہے، فیصل میمن اور شہزاد آرائیں دونوں سہولت کاروں سے قریبی رابطے میں ہیں۔ جیولر نے اپنی دکان کے اندر ایک کمرے میں نوٹ گننے والی 4 جدید مشینیں لگا رکھی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق انتہائی باخبر ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کی غیر قانونی تعمیرات کرنے والی مافیا کے خلاف تحقیقات کرنے والے ایک ادارے پٹہ سسٹم مافیا کی جانب سے بھتہ کی رقم کو ٹھکانے لگانے والے دو اہم سہولت کاروں کا سراغ لگالیا ہے اہم ذریعے کا کہنا ہے کہ ایس بی سی اے کی پٹہ سسٹم مافیا بیرون ملک حوالہ کرتی ہے جبکہ بھتہ کی رقم کو سونے کے بسکٹوں میں بھی تبدیل کیا جارہا ہے ذریعے نے انکشاف کیا ہے کہ میٹرو پول ہوٹل کے قریب ایک غیر معروف منی چینجر کو ایس بی سی اے کی پٹہ سسٹم مافیا بھتہ کی رقم کو بیرون ملک حوالے کیلئے استعمال کررہی ہے ذریعے کا کہنا ہے کہ مذکورہ منی چینجر کے مالک اور پٹہ سسٹم کے سرغنہ فیصل میمن کے قریبی تعلقات ہیں اور اکثر فیصل میمن بعض بڑے بلڈروں سے منی چینجر کے دفتر پر ہی رقم منگواتے ہیں ذریعے کا کہنا ہے کہ مذکورہ منی چینجر کے ذریعے ہی غیر قانونی تعمیرات سے حاصل ہونے والی رقوم بیرون ملک حوالہ کی جاتی ہیں ذریعے کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے مذکورہ منی چینجر کے حوالے سے سرکاری اداروں نے اپنی تحقیقات شروع کر رکھی ہیں ذریعے کا کہنا ہے کہ ایس بی سی اے کی پٹہ سسٹم مافیا کیلئے صدر کے علاقے زیب النساء اسٹریٹ کا ایک جیولر بھی سہولت کاری کررہا ہے معلوم ہوا ہے کہ فیصل میمن اور شہزاد آرائیں کے مذکورہ جیولر سے قریبی تعلقات ہیں ذریعے کا کہنا ہے کہ صدر زیب النساء اسٹریٹ کے جیولر نے اپنی دکان کے ایک کمرے کے اندر نوٹ گننے کی 4 جدید مشینیں لگا رکھی ہیں جہاں پٹہ سسٹم مافیا کی بھتہ کی رقم کی گنتی ہوتی ہے اور پھر جو رقم سسٹم کو چاہئے ہوتی ہے وہ الگ کرلی جاتی ہے اور باقی رقم سے مذکورہ جیولر سے سونے کے بسکٹ لیے جاتے ہیں معلوم ہوا ہے کہ دونوں سہولت کار دو سال سے پٹہ سسٹم مافیا کیلئے سہولت کاری کررہے ہیں ذریعے کا کہنا ہے کہ ایسی اطلاعات ہیں کہ مذکورہ جیولر سے سونے کے بسکٹ کے علاوہ ڈائمنڈ بھی لئے گئے ہیں ذریعے نے مزید بتایا ہے کہ پٹہ سسٹم مافیا کے سرغنہ شہزاد آرائیں غیر قانونی تعمیرات سے ملنے والے بھتہ کی رقم کو گولڈ اور ڈائمنڈ میں تبدیل کراکے رکھتے ہیں تاکہ انہیں آسانی سے ڈمپ کیا جاسکے ذریعے کا کہنا ہے کہ بھتہ کی رقم کو ڈائمنڈ میں تبدیل کرنے کا طریقہ ایس بی سی اے کے سابق ڈائریکٹر جنرل منظور قادر کاکا کا تھا جو اپنے دفتر کے ایک قابل بھروسہ اندرون سندھ سے تعلق رکھنے والے ایک ڈائریکٹر کے ذریعے جنوبی افریقہ سے ہیرے (ڈائمنڈ) منگواتے تھے اور پاکستانی کرنسی کو ڈائمنڈ میں تبدیل کرالیتے تھے موجودہ پٹہ سسٹم بھی بھتہ سے ملنے والی رقم کو ڈائمنڈ اور گولڈ میں تبدیل کرارہا ہے ذریعے نے بتایا ہے کہ جمعہ کے روز عصر کی نماز کے بعد زیب النساء اسٹریٹ کے جیولر کے پاس پٹہ سسٹم مافیا کی بھتہ کی رقم مختلف بڑی گاڑیوں میں گارڈوں کے ساتھ لائی جاتی ہے جہاں پہلے ان کو مشینوں کے ذریعے گنا جاتا ہے اور اس کے بعد طے کیا جاتا ہے کہ رقم کو کس چیز میں تبدیل کرایا جائے۔ ذریعے کا کہنا ہے کہ تحقیقاتی ادارے پٹہ سسٹم مافیا سے حاصل ہونے والی بھتہ کی رقم کو ٹھکانے لگانے والے سہولت کاروں کی مکمل معلومات حاصل کرچکے ہیں عبوری حکومت آنے کے بعد ایس بی سی اے کی پٹہ سسٹم مافیا کیلئے سہولت کاری کرنے والوں کے خلاف بڑا آپریشن کیا جائے گا۔