عید الاضحی سے قبل کراچی میں سبزیوں کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ
شیئر کریں
ملک بھر میں سبزیوں کی آسمان کو چھوتی قیمتوں نے مہنگا آٹا اور چینی خریدنے پر مجبور عوام کی پریشانیوں میں مزید اضافہ کردیا ہے۔کراچی میں مہنگائی کے ستائے عوام کی پریشانی میں مزید اضافہ ہوگیا ہے اور عیدالاضحیٰ سے قبل شہر میں سبزیوں کی قیمتیں دگنی ہوگئی ہیں۔کراچی میں فی کلو آلو کی قیمت 30 روپے اضافے سے 80 روپے ہوگئی ہے جب کہ چھلے ہوئے لہسن کی قیمت میں 280 روپے کا اضافہ ہوا ہے اور ایک کلو لہسن 400 روپے میں فروخت ہورہا ہے۔70 سے 80 روپے کلو والا ٹماٹر بھی 100 سے 120 روپے فی کلو ہوگیا ہے جب کہ پیاز بھی 30 سے 40 روپے کلو میں دستیاب ہے۔دوسری جانب لاہور اور کوئٹہ میں ایک کلو چینی 95 روپے تک پہنچ گئی ہے جب کہ کوئٹہ کے بعض علاقوں میں چینی 96 روپے فی کلو میں بھی فروخت ہورہی ہے۔ پشاور میں آٹے کی قیمتوں کو پر لگ گئے ہیں اور 85کلو گرام آٹے کی بوری کی قیمت میں پورے 500 روپے کا اضافہ ہوا ہے۔ 85 کلو گرام آٹے کی بوری کی قیمت 5ہزار700 روپے ہوگئی ہے جب کہ 20کلو فائن آٹے کے تھیلے کی قیمت میں 50 روپے کا اضافہ ہواہے اور 20کلو فائن آٹے کا تھیلہ 1250 روپے ہوگیا ہے۔صدر آٹا ڈیلرز ایسوسی ایشن حاجی رامبیل کا کہنا ہے کہ فلار ملز کو گندم مہنگی مل رہی ہے۔دوسری جانب صوبائی محکمہ خوراک کا کہنا ہے کہ سستے آٹے کی فراہمی کے مراکز میں اضافہ کردیا گیا ہے اور شہر میں مزید 67 مراکز قائم کیے گئے ہیں جہاں پر 20 کلو آٹے کا تھیلا 860 روپے میں دستیاب ہے۔