لبیک اللھم لبیک! عازمین نے حج کا رکن اعظم وقوف عرفہ ادا کرلیا
شیئر کریں
عازمین حج گزشتہ روز لبیک اللھم لبیک کی صدائیں بلند کرتے نماز ظہر سے قبل مکہ مکرمہ سے منیٰ پہنچ گئے۔منیٰ پہنچنے کے بعد انھوں نے رات قیام کیا اور نماز فجر کے بعد میدان عرفات پہنچ گئے جہاں حج کا رکن اعظم وقوف عرفہ ادا کیا۔ مسجد نمرہ سے مفتیِ اعظم نے خطبہ حج دیا جس کے بعد نماز ظہر اور عصر ایک ساتھ ادا کی گئی۔عصر اور مغرب کے درمیان وقوف ہوا جس میں حجاج نے اللہ رب العزت کے حضور خصوصی دعائیں کیں، سورج غروبِ ہوتے ہی حاجی مزدلفہ روانہ ہو گئے، جہاں پہنچ کر مغرب اور عشاء کی نمازیں ایک ساتھ ادا کی۔مزدلفہ میں رات کھلے آسمان تلے گزاری اور شیطانوں کو مارنے کے لیے کنکریاں چنیں ، آج صبح نماز فجر کی ادائیگی کے بعد حاجی واپس منیٰ گئے۔شیطان کو کنکریاں ماریں اور قربانی ادا کرکے بال منڈوا کر احرام کھول دیے گئے اور عام لباس زیب تن کر لیا، حاجی طواف زیارہ کیلئے خانہ کعبہ گئے اور پھر واپس منٰی آ گئے۔ گذشتہ روز بھی عازمین نے قرنطینہ ختم کرکے خانہ کعبہ کا طواف کیا اس دوران سماجی فاصلے کو مدنظر رکھا گیا۔