لٹھ اور تھڈو ڈیم کا سیلابی ریلہ قریبی آبادیوں میں داخل
شیئر کریں
سپر ہائی وے پر واقع لٹھ ڈیم اور تھڈو ڈیم بھرنے کے بعد سیلابی ریلہ قریبی آبادیوں میں داخل ہوگیا اور سعدی ٹائون ،سعدی گارڈن سمیت اسکیم 33 کے انتظامات فوج نے سنبھال لیے ہیں۔تفصیلات کے مطابق کراچی میں دو روز سے جاری بارش کا سلسلہ تھمنے کے بعد شہر کی صورتحال شدید خراب ہے ، سڑکوں پر پانی کھڑا ہے اور جگہ جگہ ٹریفک جام کے باعث شہری شدید اذیت کا شکار ہوگئے ہیں۔لٹھ ڈیم اور تھڈو ڈیم کا پانی اوورفلو ہونے کے بعد سعدی ٹائون اور گلشن عثمان میں داخل ہوگیا ہے اور فوج کے جوانوں نے ناخوشگوار صورت حال سے نمٹنے کے لئے علاقے کا انتظام سنبھال لیا۔اس کے علاوہ سپر ہائی وے پر آنے والے سیلابی ریلے کے باعث گڈاپ کے متعدد گائوں سیلابی ریلے کی زد میں آگئے ہیں اور متعدد کچے مکان گرگئے ہیں جس کے باعث متاثرہ افراد حکومتی امداد کے منتظر ہیں۔دوسری جانب کراچی یونیورسٹی ایمپلائزڈ سوسائٹی، پی سی ایس آئی آر سوسائٹی، کوئٹہ ٹائون، اسٹیٹ بینک سوسائٹی، گوالیار سوسائٹی، نیو انچولی سوسائٹی، زینت آباد، پنجابی سوداگران سمیت کئی علاقوں میں بارش کے پانی نے صورت حال کو مزید گھمبیر کردیا ۔