کراچی وسطی کے مختلف علاقوں میں مائیکرو اسمارٹ لاک ڈائون
شیئر کریں
کوروناکی تیسری لہر کے دوران کیسز میں اضافے کے پیش نظرکراچی کے ضلع وسطی کے مزید تین سب ڈویژنزکے مختلف علاقوں میں مائیکروسمارٹ لاک ڈائون نافذ کر دیا گیاہے۔ لاک ڈائون کا نفاذ 12 اپریل تک ہوگا۔تفصیلات کے مطابق ضلع وسطی کے تین سب ڈویژنز گلبرگ، نارتھ کراچی، نارتھ ناظم آباد کے مختلف علاقوں میں سمارٹ لاک ڈائون نافذ کیا گیاہے،جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیاہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق مائیکرو اسمارٹ لاک ڈائون ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرکی جانب سے ہاٹ اسپاٹ کی نشاندہی پرکیا گیا ہے۔ انتظامیہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق مذکورہ علاقوں میں ماسک کے بغیر گاڑی چلانے والوں سے رعایت نہیں ہوگی۔ متاثرہ علاقوں میں غیر ضروری نقل و حرکت پر پابندی ہوگی۔متاثرہ علاقوں میں تمام افراد کیلئے ماسک پہننا لازمی قرار دیا گیا ہے۔جاری نوٹیفکیشن کے مطابق متاثرہ علاقوں میں 12 اپریل تک ڈبل سواری پر بھی پابندی ہوگی ان علاقوں میں ماسک نہ پہننے پر گاڑی اور موٹر سائیکلوں سواروں کے چالان بھی کیے جائیں گے ۔ ٹریفک پولیس کے مطابق ان علاقوں میں 24 گھنٹوں میں 2 ہزار سے زائد افراد کے چالان کیے گئے۔متعلقہ علاقوں میں کاروباری، صنعتی سرگرمیوں اور اجتماعات پر بھی پابندی ہوگی، جب کہ کرونا مثبت افراد گھروں میں قرنطینہ رہیں گے جبکہ حکومت متاثرہ علاقوں میں بسنے والے مستحق افراد میں راشن تقسیم کرنے کے ہر ممکن اقدامات کرے گی۔متاثرہ علاقوں میں صرف کریانہ اور میڈیکل سٹورز کو ایس او پیز کے تحت کھلنے کی اجازت ہوگی۔