میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
نیشنل بینک میں کھلی بدعنوانیاں، اعلیٰ افسران بے پروا

نیشنل بینک میں کھلی بدعنوانیاں، اعلیٰ افسران بے پروا

ویب ڈیسک
بدھ, ۳۰ نومبر ۲۰۲۲

شیئر کریں

(نمائندہ جرأت) نیشنل بینک آف پاکستان میں آوے کا آوا ہی بگڑا ہوا ہے۔ ایک مستقل صدر کی مستقل عدم موجودگی نے پہلے سے ہی بدعنوانیوں کے عمومی رجحان کو نچلی سطح پر مزید تقویت دے دی ہے۔ ایک طویل عرصے سے نیشنل بینک کے صدر کا اضافی چارج رحمت علی حسنی کو دیا گیا ہے جبکہ نیشنل بینک کی آفیشل ویب سائٹ پر تاحال صدر اور افسر و منتظم اعلیٰ کے طور پر عارف عثمانی کا نام ہی موجود ہے۔ عارف عثمانی کی بطور صدر نیشنل بینک میں تین سالہ مدت فروری 2022ء میں ختم ہو گئی تھی۔ تب پی ٹی آئی کی حکومت نے عارف عثمانی کی مدت میں مزید تین ماہ کی توسیع دے دی تھی۔ بعدازاں پی ٹی آئی حکومت کے خاتمے اور پی ڈی ایم کی اتحادی حکومت میں وزیر خزانہ کے طور پر منصب سنبھالنے والے مفتاح اسماعیل نے تب کے ایس ای وی پی و گروپ چیف ، انویسمنٹ بینکنگ گروپ رحمت علی حسنی کو صدر کے طور پر اضافی چارج دے دیا تھا۔ رحمت علی حسنی نے یہ بطور صدر اپنی اضافی ذمہ داری 12؍ مئی سے سنبھالی تھی۔ایک طرف شہباز شریف کی حکومت نیشنل بینک کو مستقل صدر دینے میں ناکام ہے تو دوسری طرف رحمت علی حسنی اپنے چھ ماہ سے زائد عرصے میں نیشنل بینک کی آفیشل ویب سائٹ سے عارف عثمانی کا بطور صدر نام تک نہیں ہٹا سکے۔ جس سے اندازا لگایا جاسکتا ہے کہ وہ بینک کے دیگر امور میں کتنی دلچسپی رکھتے ہوں گے۔ نیشنل بینک ، پاکستان کا قومی بینک ہونے کے باوجود پاکستان میں موجود تمام بینکوں میں سب سے زیادہ بدعنوان بینک سمجھا جاتا ہے۔ افسران کی جانب سے عام طور پر لوٹ مار اور اربوں روپے ڈکارنے کے باعث اس بینک کو کارپوریٹ سطح پر انتہائی بُری نظروں سے دیکھا جاتا ہے۔ مگر اس کے باوجود کسی بھی حکومت نے نیشنل بینک کے اندرونی حالات کو درست کرنے کی کوئی کوشش نہیں کی یہاں تک کہ کرپشن کے اربوں روپے ڈکارنے والے خود نیشنل بینک کے اعلیٰ افسران سے کوئی بازپرس تک نہیں کی گئی جس کے باعث نیشنل بینک کا عمومی کلچر کام نہ کرنے اور پیسہ بنانے کا بن چکا ہے۔ بدقسمتی سے گزشتہ چند ماہ میں بینک کی انتظامیہ کی یہ عدم دلچسپی زیادہ بڑے پیمانے پر بینک کو تباہ کررہی ہے۔ مگر کسی بھی سطح پر اس پر کوئی اضطراب محسوس نہیں کیا جارہا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اب بینک میں ویب سائٹ پر نام تبدیل کرنے کے ایک معمولی کلرکل کام کو بھی نظرانداز کردیا گیا ہے۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں