10مطلوب افراد کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کی منظوری
شیئر کریں
وفاقی کابینہ نے مختلف الزمات میں مطلوب دس افراد کے نام ای سی ایل میں شامل کرنے کی منظوری دے دی جبکہ مختلف عدالتوں اور اداروں کی سفارش پر 13 افراد کے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ سے خارج کر دیے گئے۔وفاقی کابینہ نے پیپلزپارٹی کے رہنما اعجاز جاکھرانی کا نام ای سی ایل سے خارج کرنے کی منظوری دی جبکہ ایم کیو ایم رہنما رئوف صدیقی کو ایک بار بیرون ملک جانے کی اجازت دی گئی ہے۔ اعجاز جاکھرانی اور رئوف صدیقی کے نام عدالتی احکامات پر ای سی ایل سے نکالے گئے ہیں۔اے این ایف کی سفارش پر ڈرگ مافیا کے رکن الماس خان اورپاک فوج سے سزا یافتہ مظہر اقبال،محکمہ داخلہ پنجاب کی سفارش پر حمال حسین کا نام ای سی ایل میں شامل کیا گیا ہے۔ حمال حسین پر کمانڈر بلوچستان ریپبلکن آرمی برہمداغ بگٹی سے پیسے لے کر دہشت گردوں کی مالی معاونت کا الزام ہے۔نیب کی سفارش پر ملزم سمیع اللہ، منصور اختر اور جنید قادر کے نام ای سی میں شامل کیے گئے ہیں۔تینوں ملزمان سادہ لوح عوام کے ساتھ فراڈ کے جرم میں نیب کو مطلوب ہیں۔ اعلی عدلیہ کے حکم پر بھی تین افراد کے نام ای سی ایل میں شامل کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔مختلف اداروں کی تحقیقات مکمل ہونے پر 13افراد کے نام ای سی ایل سے خارج کیے گئے ہیں۔ان میں محمد نعمان، عبداللہ، عیسی چیمہ، خنسہ بنت شجاع اور خولہ بنت شجاع،محمد یحیی، شاہد جبار محبوب الرحمان ،جواد بشیر، غلام علی حسن، بشیر احمد اور ناصر جاویدشامل ہیں۔