قبضہ مافیا نے ہاکس بے ہٹ پر نظریں گاڑ لیں
شیئر کریں
ڈی سی کیماڑی کی جانب سے ہٹ مالکان کو پریشان کرنے کی کوششیں
ہٹ کی دیواریں توڑ کر اصل مالکان کو بے دخل کرنے کی سازشیں
ہاکس بے کے تفریحی مقام پر قائم ہٹ پر قبضہ مافیا نے نظریں گاڑ لیں۔ اطلاعات کے مطابق پچیس تیس سال سے الاٹمنٹ رکھنے والے ہٹ مالکان کو غیر متعلقہ وجوہات کی آڑ میں ڈپٹی کمشنر کیماڑی کی جانب سے مسلسل نوٹسز دیے جا ر ہے ہیں۔اطلاعات کے مطابق ڈی سی کیماڑی راجہ طارق حسین چانڈیو کی جانب سے ہٹ مالکان کو مسلسل تنگ کرنے کی شکایتیں بڑھ رہی ہیں یہاں تک کہ بغیر کسی نوٹس کے بھی ہٹوں کی دیواریں توڑنے کے واقعات رونما ہو رہے ہیں۔واضح رہے کہ مذکورہ ہٹ پر قبضے کے لیے ایک مافیا سرگرم ہے جس سے انتظامیہ کی تال میل موجود ہے۔ ہٹ مالکان کو خدشہ ہے کہ ان کی دیواریں توڑنے کے پس پردہ دراصل اسی مافیا سے یہاں قبضہ کروانا ہے۔نمائندہ جرأت سے گفتگو کرتے ہوئے ایک ہٹ مالک نے کہا کہ وہ کسی بھی ری الاٹمنٹ یا قانونی تقاضے کو پورا کرنے کے لیے تیار ہیں۔ اس کے برعکس انتظامیہ کا رویہ یہ ہے کہ وہ الاٹمنٹ کے حامل ہٹ کی دیواریں تو گرا رہے ہیں مگر دوسری طرف قبضہ مافیا کی جانب سے بغیر الاٹمنٹ بنائے گئے ہٹ کو نہ کوئی نوٹس دیے جا رہے ہیں اور نہ ہی ان کی دیواریں توڑی جا رہی ہیں۔


