لانگ مارچ، کنٹینر کے نیچے آ کر نیوز چینل کی خاتون رپورٹر جاں بحق
شیئر کریں
پاکستان تحریک انصاف کے لانگ مارچ کے کامونکی جاتے ہوئے راستے میں عمران خان کے کنٹینر کے نیچے آ کرنجی ٹی وی کی خاتون رپورٹر جاں بحق ہوگئی۔ پاکستان تحریک انصاف کا لانگ مارچ تیسرے روز بھی جاری رہا، کامونکی جاتے ہوئے راستے میں عمران خان کے کنٹینر کے نیچے آ کر نیوز چینل کی خاتون رپورٹر جاں بحق ہوگئی۔ حادثے کے بعد عمران خان کا کنیٹنر جی ٹی روڈ پر روک دیا گیا اور حادثے کے بعد عمران خان خود بھی کنٹینر سے نیچے اتر آئے۔ ترجمان ریسکیو کے مطابق خاتون رپورٹر ایک کنٹینر سے اترتے ہوئے نیچے گری اور عمران خان کے کنٹینر کے نیچے آ گئی۔ حادثے کے بعد عمران خان نے مارچ روک دیا۔ حادثے کے فوری بعد سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ بدقسمتی سے ایک حادثہ ہوا ہے، ہم نے کامونکی جانا تھا لیکن حادثے کی وجہ سے کینسل کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنے مارچ کو ختم کر رہے ہیں اور پیر کوکامونکی سے اپنا مارچ شروع کریں گے، ایک حادثے کی وجہ سے ہمیں اتوار کا مارچ منسوخ کرنا پڑا، خاتون رپورٹر کی فیملی سے اظہار ہمدردی کرتے ہیں۔ بعد ازاں ٹوئٹر پر اپنے بیان میں عمران خان نے کہا کہ اپنے مارچ کے دوران پیش آنیوالے اندوہناک حادثے کے نتیجے میں چینل5کی رپورٹرصدف نعیم ہم سے جدا ہو گئیں، جس پر نہایت رنج و الم کا شکار ہوں۔ انہوں نے کہا کہ میرے پاس الفاظ نہیں کہ اپنا غم بیان کرسکوں۔ انہوں نے کہا کہ ان المناک گھڑیوں میں میری دعائیں اور ہمدردیاں ان کے اہلخانہ کے ساتھ ہیں، ہم نے اپنا مارچ اتوار کیلئے منسوخ کر دیا ہے۔ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چودھری نے لانگ مارچ میں خاتون رپورٹر کے جاں بحق ہونے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ ٹوئٹر پر ایک پوسٹ میں فواد چودھری نے کہا کہ صدف سے زیادہ جرات مند اور محنتی رپورٹر بہت کم دیکھے۔ فواد چودھری نے کہا کہ صدف ایک جی دار لڑکی تھی، گزشتہ روز ہی عمران خان سے انٹرویو کے بعد صدف کا لاہور کی سب سے جی دار اور محنتی رپورٹر کے طور پر تعارف کروایا تو اس کی آنکھیں چمک اٹھیں۔ فواد چودھری نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کیا معلوم تھا یہ ملاقات آخری ہو گی، خدا غریق رحمت کرے۔