میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
جرائم پیشہ صحافیوں کے روپ میں بھتا بٹورنے لگے

جرائم پیشہ صحافیوں کے روپ میں بھتا بٹورنے لگے

منتظم
اتوار, ۳۰ اکتوبر ۲۰۱۶

شیئر کریں

کراچی کے شہری پہلے ہی جرائم پیشہ عناصر کے ہاتھوں لٹنے سے تنگ تھے اب انہیں لوٹنے کے لیے جرائم پیشہ عناصر صحافیوں کے روپ میں تواتر سے سامنے آرہے ہیں۔ رواں سال کے دوران اب تک دس ماہ کے دوران 43ایسے کیسز پولیس ریکارڈ کے مطابق سامنے آچکے ہیں ،اس حوالے سے صحافتی تنظیموں نے کوئی قابل ذکر کردار ادا نہیں کیا ہے اور نہ ہی ان جعلی صحافیوں کے ان اداروں یاٹی وی چینلز مالکان کے خلاف کوئی کارروائی عمل میں لائی گئی ہے۔گزشتہ ہفتے گلبرگ پولیس نے ایف بی ایریا بلاک 13 میں بینک منیجر سے بھتہ مانگنے والے ایک ملزم کو گرفتار کرکے بھتے کی رقم 25ہزار روپے بر آمد کرلی۔ ملزم خود کو صحافی ظاہر کررہا تھا جب کہ اس کے سرغنہ کو پولیس سرگرمی سے تلاش کر رہی ہے۔ گلبرگ پولیس نے مقامی بینک میجر سید محمد صادق شاہ کی شکایت پر ایف بی ایریا بلاک 13میںکارروائی کرتے ہوئے بھتہ خور عرفان خان کو رنگے ہاتھوں گرفتار کرکے بھتے کی رقم 25ہزار روپے بر آمد کرلئے۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزم کے سرغنہ تنویر سید کو پولیس سرگرمی سے تلاش کر رہی ہے جو اپنے آپ کو ایس بی سی اے کا افسر ظاہر کرتا ہے اور تنویر نے ہی مدعی صادق کو فون کرکے 50ہزار روپے بھتے کامطالبہ کیا تھا اور رقم کی وصولی کیلئے گرفتار ملزم عرفان خان کو بھیجا تھا۔ پولیس کے مطابق مدعی ایف بی ایریا میں اپنامکان تعمیر کروا رہے ہیں، اس کی تعمیر کے سلسلے میں وہ مدعی کو فون کرکے بلیک میل کرنے کے ساتھ سنگین نوعیت کی دھمکیاں دے رہے تھے۔ پولیس کے مطابق ملزم کے قبضے سے جرائم نیوز اخبار کا کارڈ اور سماجی تنظیم کے ادارے کا ممبر شپ کارڈ بھی ملا ہے۔ پولیس نے دعوی کیا ہے کہ ملزم نے دوران تفتیش بھتہ خوری کی درجنوں وارداتوں کا اعتراف کرلیا ہے جس میں اس نے اپنے جیسے دیگر جعلی صحافیوں کی بھی نشاندہی کی ہے۔ پولیس نے گرفتار ملزم اور اس کے سرغنہ تنویر کے خلاف مقدمہ درج کرلیاہے اور تاحال کئی روز گزر جانے کے باوجود بھی ملزم کے کسی ساتھی کی گرفتاری کے حوالے سے کوئی تازہ خبر نہیں ہے۔
گزشتہ ماہ پریڈی پولیس نے جعلی صحافی کوگرفتارکیا تھاملزم نجی ٹی وی رائل نیوز کا نام لے کر تاجر کو بلیک میل کر کے بھتہ وصولی میں ملوث تھا،پولیس ذرائع کا کہنا تھا کہ ملزم احمد معاذ ڈوگرکا گروہ چھ سے آٹھ افراد پر مشتمل ہے،جبکہ ملزم تاجر سے 5لاکھ رو پے بھتہ وصول کر چکا تھا،ملزم مزید 50ہزار کی رقم وصول کرنے آیا تو رنگے ہاتھوں پکڑا گیا،اس ڈرامے کا ڈراپ سین آخر یہ ہوا کہ گرفتار ملزم کے گھر والے مدعی تاجر سے بھتے کے عوض لی جانے والی رقم واپس کرگئے بلکہ بقول کیس کے مدعی کے اس کے پاو¿ں پکڑ کر معافی مانگتے رہے جس پر مجبورا اسے ملزم معاذ احمد دوگر کو معاف کرنا پڑا۔
علاوہ ازیں چند ماہ قبل خواجہ اجمیر نگری میں پولیس نے ایک دکاندار کو بلیک میل کرنے کے الزام میں چار جعلی صحافیوں کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے اینٹھی گئی رقم برآمد کر کے ایف آئی آر درج کر لی ۔ پولیس کو اطلاع ملی تھی کہ چند صحافیوں کا ایک گروپ مختلف ناموں سے علاقہ میں گھوم کو دکانداروں کو بلیک میل کر رہا ہے۔ علاقہ میں ایک دکان دار کو آن ٹی وی نامی ادارے کے چند نام نہاد صحافی ایک دکاندار کو بلیک میل کر کے 10ہزار روپے اینٹھ چکے تھے اسی اثنامیں دکان کے سامنے سے ایک پولیس موبائل گزری جس کو دیکھ کر دکان دار نے شور مچا دیا ۔یوں ان جعلی صحافیوں کی گرفتاری عمل میں آئی۔ ایس ایچ او آصف منور نے بتایا کہ گرفتار ملزمان کے خلاف ایف آئی آر نمبر 61/2016درج کر لی ہے اور اینٹھی گئی رقم بھی برآمد کر لی گئی تھی۔
اطلاعات یہ بھی ہیں کہ اسلام آباد میں گزشتہ ماہ ایف آئی اے نے جعلی میڈیا ٹیم کی امریکا جانے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے پانچ ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے۔ ایف آئی اے حکام کے مطابق پانچ رکنی میڈیا کی جعلی ٹیم امریکا میں الیکشن کی کوریج کیلئے جانا چاہتی تھی۔ملزمان میں عدیل انعام، نعیم اختر، محمد شہزاد ، محمد فیصل اور مریم عدیل شامل ہیں۔ ڈاکٹر طارق اور فیصل بشیر نامی ایجنٹوں کی گرفتاری کے لئے لاھور میں چھاپے مارے جارہے ہیں۔واضح رہے کہ اس سے پہلے جعلی پولیس اورجعلی وکیل بن کر لوگوں کو بے وقوف بنانے کے بھی متعدد معاملات عوام کے سامنے ہیں۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں