منی پور، مظاہرین کا وزیر اعلیٰ کے آبائی گھر پر دھاوا، فورسز نے حملہ ناکام بنایا
شیئر کریں
شورش زدہ بھارتی ریاست منی پور کے دارالحکومت امپھال میں مظاہرین نے وزیراعلیٰ این بیرین سنگھ کے آبائی گھر پر دھاوا بولا تاہم وہاں تعینات بھارتی فورسز نے حملے کو ناکام بنا دیا۔ تفصیلات کے مطابق ہجوم نے سیکورٹی کے سخت اقدامات کے باوجود جمعرات کی شب امپھال کے نواحی علاقے میں واقع وزیر اعلیٰ کے آبائی گھر پر حملہ کیا جو خالی تھا۔ علاقے میں تعینات بھارتی فورسز نے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے ہوائی فائرنگ کی اور آنسو گیس کا استعمال کیا۔ خیال رہے کہ این بیرین سنگھ دارالحکومت امپھال کے وسط میں ایک الگ محفوظ سرکاری رہائش گاہ میں رہائش پزیر ہیں۔ایک پولیس افسر نے خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی کو بتایا کہ امپھال کے علاقے ہنگانگ میں وزیر اعلیٰ کے آبائی گھر پر حملے کی کوشش کی گئی تھی۔ تاہم وہاں تعینات بھارتی فورسز نے ہجوم کو گھر سے تقریبا 100-150 میٹر دور روک دیا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ وزیر اعلیٰ کا یہ آبائی مکان خالی تھا اور وہاں کوئی رہائش پزیر نہیں تھا تاہم اس کی سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ مظاہرین کے دو گروپوں نے مختلف اطراف سے وزیراعلیٰ کے آبائی گھر پر حملے کی کوشش کی تاہم انہیں روک دیاگیا۔ ریپڈ ایکشن فورس اور ریاستی پولیس نے ہجوم کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس استعمال کی اورہوئی فائرنگ کی جبکہ پورے علاقے کی بجلی بھی معطل کر دی گئی۔ بھارتی فورسز اور مظاہرین کے درمیان تازہ جھڑپوں کے بعد ریاست کے دو اضلاع امپھال ایسٹ اور ویسٹ میں دوبارہ کرفیو نافذ کر دیا گیا۔