پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں12روپے 63 پیسے تک فی لیٹر کمی
شیئر کریں
پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں12.63تک فی لیٹر کمی،نوٹیفکیشن جاری،پیٹرول 12.63 ، ڈیزل 12.13 ،تیل 10.19 اور لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 10.78 روپے فی لیٹر کمی کردی گئی ۔ پیٹرول کی قیمت میں 12 روپے 63 پیسے کی کمی کی جارہی ہے جس سے پیٹرول کی نئی قیمت 224 روپے 80 پیسے پر آ جائے گی۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 12 روپے 13 پیسے کی کمی کی جارہی ہے، اس کی قیمت 247 روپے 43 پیسے سے کم ہو کر 235 روپے 30 پیسے ہو جائے گی۔ مٹی کے تیل کی قیمت میں 10 روپے 19 پیسے کی کمی جارہی ہے، اس کی قیمت 202 روپے 2 پیسے سے کم ہو کر 191 روپے 83 پیسے ہو جائے گی۔ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا کہ لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت 10 روپے 78 پیسے کی کمی کے بعد 186 روپے 50 پیسے ہو جائے گی، پہلے اس کی قیمت 197 روپے 28 پیسے تھی۔ نئی قیمتوں کا اطلاق رات 12 بجے سے ہوگیا۔ انہوں نے کہا کہ 30 ستمبر کو پہلی سہ ماہی ختم ہوئی ہے جبکہ میں نے گزشتہ روز فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) کا دورہ کیا تھا، اس کی کچھ تفصیلات بھی بتانا چاہوں گا۔ پہلی سہ ماہی میں 1635 ارب روپے کا ٹیکس جمع ہوا۔ ستمبر کے مہینے میں 685 ارب روپے کی کلکشن ہوئی ہے، پہلی سہ ماہی یعنی یکم جولائی سے 30 ستمبر کے درمیان 1635 ارب روپے کا ٹیکس جمع ہوا ہے جبکہ ہدف 1609 ارب روپے کا تھا، اس طرح ریونیو اہداف حاصل ہوئے ہیں۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ اس مدت کے دوران 84 ارب روپے کے ریفنڈز دیے گئے ہیں جبکہ گزشتہ سال کی پہلی سہ ماہی میں 62 ارب روپے کے ریفنڈز دیے گئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ میرا خیال تھا کہ ہم تقریبا 12 بجے کریں گے لیکن مجھے یہ پتا چلا ہے کہ سسٹم چوک ہے، کافی تعداد میں لوگ ریٹرن بھیجنے کی کوشش کررہے ہیں، ان کو دقت ہو رہی ہے، اسی طرح سیلاب کی وجہ سے بھی انکم ٹیکس بارز اور مختلف ایسوسی ایشنز اور تجارتی تنظیموں کی طرف سے درخواست آئی ہے کہ خاص طور پر سیلاب کی وجہ سے ٹیکس گواشوارے جمع کروانے کے لیے وقت دیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس لیے ٹیکس جمع کروانے کی آخری تاریخ میں ایک مہینے کی توسیع کی جارہی ہے، اب انکم ٹیکس گوشوارے جمع کروانے کی آخری تاریخ 31 اکتوبر 2022 ہوگی، میری تمام لوگوں سے درخواست ہے کہ وہ اس مہینے اپنے گوشوارے جمع کروائیں۔