بطورصدارتی امیدوار نامزدگی میری پارٹی کا احسان ہے، اعتزاز احسن
شیئر کریں
پیپلز پارٹی کی جانب سے نامزد صدارتی امیدوار اعتزاز احسن نے امید ظاہر کی ہے کہ مولانا فضل الرحمان ان کے حق میں صدارتی امیدوار کی دوڑ سے دستبردار ہوجائیں گے۔الیکشن کمیشن میں کاغذات نامزدگی کی منظوری کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اعتزاز احسن نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن ذاتی دوست ہیں ٗان کا احترام کرتاہوں، امید ہے کہ وہ میرے حق میں صدارتی امیدوار کی دوڑ سے دستبردار ہوجائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ سب جماعتوں سے ہمیں ووٹ کی توقع ہے کیونکہ یہ ضمیر کاووٹ ہے اور سیکرٹ بیلٹ ضمیر کا ووٹ ہوتا ہے۔اعتزاز احسن نے کہا کہ آرٹیکل 63 اے اراکین اسمبلی کو پارٹی کے حق میں ووٹ دینے کا پابند کرتا ہے اور یہ وقت انصاف کا ہے ٗپی ٹی آئی کو امیدواروں کے درمیان بھی انصاف کرنا ہے۔انہوں نے کہاکہ صدارت کیلیے موزوں کون ہے اس کا فیصلہ ووٹر کو کرنا ہے تاہم امید ہے کہ پی ٹی آئی کے کئی ارکان مجھے بھی ووٹ دیں گے۔
اعتزاز احسن کا کہنا تھا کہ صدارتی امیدوار کے لیے میرا نام ہونا میری پارٹی کا احسان ہے۔قبل ازیں چیف الیکشن کمشنر سردار محمد رضا صدارتی امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کی اس موقع پر پیپلز پارٹی کے اعتزاز احسن اور تحریک انصاف کے ڈاکٹر عارف علوی پیش ہوئے۔دونوں امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کے بعد چیف الیکشن کمشنرنے نامزدگی فارم درست قرار دیتے ہوئے منظور کرلیے۔