یونیک گروپ نے بر طرف مزدوروں کے آگے گھٹنے ٹیک دیے
شیئر کریں
رپورٹ:شاہنواز خاصخیلی یونیک گروپ نے مزدوروں کے آگے گھٹنے ٹیک دیے، لیبر کورٹ میں یونیک کمپنی کے نمائندوں اور مزدوروں کی بیٹھک ، یونیک کمپنی کی مزدوروں کو گریجویٹی اور تنخواہیں دینے کی یقین دہانی، سائٹ تھانے پر مزدوروں کو ہراساں کرنے کیلئے دی گئی درخواست بھی واپس لے لی گئی، تفصیلات کے مطابق یونیک گروپ آف انڈسٹریز کے ڈی ایس موٹرسائیکل کمپنی سے برطرف مزدوروں کی جانب سے تنخواہیں اور گریجویٹی نہ ملنے پر سے مسلسل احتجاج اور لیبر کورٹ میں درخواست دائر کرنے کے بعد لیبر کورٹ میں لیبر افسران کی موجودگی میں یونیک کمپنی کے ملازمین اور برطرف مزدوروں میں بیٹھک ہوئی، یونیک کمپنی کی جانب سے لیبر آفیسر فرقان، لیبر نور الدین اور فیضان نے مزدوروں سے بات چیت کی، یونیک کمپنی کے نمائندوں نے مزدوروں کو ایک ہفتے کے اندر گریجویٹی اور تنخواہیں ادا کرنے کی یقین دہانی کرائی جبکہ سائٹ تھانے پر لیبر افسر فرقان کی جانب سے مزدوروں کے خلاف دی گئی درخواست بھی واپس لے لی گئی ہے، مزدوروں شہزاد، زوہیب و دیگر کا کہنا تھا کہ وہ اپنے جائز حق کیلئے احتجاج کر رہے ہیں، کمپنی نمائندوں نے گریجویٹی اور تنخواہیں ادا کرنے کی یقین دہانی کرائی جبکہ ملازمت پر بحال کرنے سے انکار کیا گیا ہے، انہوں نے کہا انہیں ان کی خون پسینے کی کمائی دیکر انصاف کیا جائے۔ واضع رہے کہ یونیک کمپنی کی ڈی ایس موٹرسائیکل فیکٹری سے برطرف 50 کے لگ بھگ مزدور گزشتہ ایک ہفتے سے سراپا احتجاج تھے اور انہیں ہراساں کرنے کیلئے سائٹ تھانے پر درخواست بھی دی گئی تھی۔