میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
چیک اپ پر ہزاروں عازمین حج کی بیماری کی غلط خبر چلائی گئی، نورالحق قادری

چیک اپ پر ہزاروں عازمین حج کی بیماری کی غلط خبر چلائی گئی، نورالحق قادری

ویب ڈیسک
منگل, ۳۰ جولائی ۲۰۱۹

شیئر کریں

وفاقی وزیرمذہبی امور وبین المذاہب ہم آہنگی پیرنورالحق قادری نے کہا ہے کہ صرف چیک اپ پر ہزاروں عازمین حج کی بیماری کی غلط خبر چلائی گئی، ایک لاکھ 40 ہزار سے زائد عازمین حجاز مقدس پہنچ چکے ہیں، رواں برس حج آپریشن کے دوران ہوٹل اورٹرانسپورٹ کی مد میں 5ارب روپے کی بچت کی گئی ہے۔حاجی کیمپ لاہور میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پیرنورالحق قادری نے کہا کہ معاشی بحران کی وجہ سے خدشہ تھا کہ حج درخواستیں کم آئیں گی لیکن اس سال ریکارڈ تعداد میں درخواستیں موصول ہوئیں، پاکستانیوں کی تعداد حج وعمرہ میں سب سے زیادہ ہے، پاکستان سے اس سال 2 لاکھ افراد فریضہ حج ادا کریں گے جبکہ 17لاکھ پاکستانیوں نے عمرہ کی سعادت حاصل کی ہے۔ سعودی وزیر برائے حج و عمرہ نے فون کرکے کہا کہ اس بار پاکستان کا رسپانس سب سے اچھا ہے۔پیر نورالحق قادری نے کہا کہ ماضی کی نسبت حج انتظامات میں بہتری آئی ہے، ہمارے لئے سب کچھ ہمارے حاجی ہیں،حاجی کا معاملہ بینک، ائیر لائن یا کسی اور ادارے سے ہو، وزارت مذہبی امور حاجی کا ساتھ دے گی، اگر حج کی سہولیات کے حوالے سے کسی کارکن نے کوتاہی کی تو وہ اسی وقت واپس بلا لیا جائے گا۔وفاقی وزیرنے کہا کہ اب تک ایک لاکھ 40 ہزار سے زائد عازمین حجاز مقدس پہنچ چکے ہیں۔ اس سال 27 ہزار سے زائد حاجی اسلام آباد ائیر پورٹ سے روڈ ٹو مکہ سہولت کا فائدہ لیں گے، پہلی مرتبہ کوئٹہ سے حج پروازیں شروع کی گئیں، 95فیصد سرکاری اسکیم کے حاجیوں کو حرم کے قریب ترین ہوٹل میں ٹھہرا رہے ہیں۔ حاجیوں کو ٹرانسپورٹ کے لئے نئی گاڑیاں فراہم کی جا رہی ہیں جبکہ ای ویزہ کی سہولت بھی دی گئی ہے۔ ہوٹل اورٹرانسپورٹ کی مد میں 5 ارب روپے کی بچت کی گئی، بچت کے پیسے حاجیوں کو واپس کیے جا رہے ہیں۔پیرنورالحق قادری نے اعتراف کیا کہ حج آپریشن میں مشکلات بھی آتی ہیں لیکن اسے منفی انداز میں نہیں دکھانا چاہیے، حج ایک عبادت اور فریضہ ہے، حج ڈسپنسری سے چیک اپ کرانے پر یہ خبر چلا دی گئی کہ 24 ہزار حاجی بیمار ہوگئے جو منفی پراپیگنڈہ ہے۔ کسی کو عمران خان پر غصہ یا پی ٹی آئی سے سیاسی چپلقش ہے تو اسے نکالنے کے اور بہت سے طریقے ہیں۔ حکومت کی ناکامیوں پر خبریں اس کے علاوہ بھی مل سکتی ہیں۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں