افسران کرپشن کے خاتمے کیلئے پوری طرح سے تیار ہیں چیئرمین نیب
شیئر کریں
قومی احتساب بیورو (نیب) کے چیئرمین جسٹس جاوید اقبال نے کہا ہے کہ نیب کا ایمان کرپشن فری پاکستان ہے، نیب نے 2000 سے اب تک 466.469 ارب روپے قومی خزانہ میں جمع کرائے ہیں،نیب افسران بدعنوانی کے خاتمہ کو قومی فرض سمجھ کر ادا کر رہے ہیں،کرپشن کے خاتمے کیلئے نیب پوری طرح سے تیار ہے۔ اپنے بیان میں چیئرمین نیب نے کہا کہ نیب کو 2019ء میں 2018ء کے مقابلہ میں دوگنی شکایات موصول ہوئی ہیں۔ نیب کی سالانہ 2019ء کی رپورٹ کے مطابق نیب کو 2019ء میں مجموعی طور پر 53643 شکایات موصول ہوئی ہیں جن میں سے 42760 پراسس کی گئیں جبکہ 2018ء میں 48591 شکایات موصول ہوئیں جن میں سے 4141کو نمٹایا گیا۔ نیب نے 2019ء میں 1308 شکایات کی جانچ پڑتال کی۔ 1686 انکوائریاں اور 609 انویسٹی گیشنز نمٹائی گئیں اور بدعنوان عناصر سے 141.542 ارب روپے وصول کئے گئے جبکہ 2000 سے اب تک 466.069 ارب روپے وصول کر کے قومی خزانہ میں جمع کرائے گئے جو کہ نمایاں کامیابی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیب نے سینئر افسران کی اجتماعی دانش سے فائدہ اٹھانے کیلئے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کا نظام وضع کیا ہے۔ یہ ٹیم ایک ڈائریکٹر، ایڈیشنل ڈائریکٹر، انویسٹی گیشن آفیسر اور لیگل کنسلٹنٹ پر مشتمل ہے۔ اس ے نیب کی کارکردگی میں بہتری آئی ہے۔ نیب کی 2019ء میں 1983کیسز نمٹانے کے ساتھ سزا کی شرح 68.8فیصد ہے۔ نیب نے راولپنڈی میں اپنی فرانزک سائنس لیبارٹری قائم کی ہے۔ 2019ء میں اس لیبارٹری سے 5کیسز میں 300انگوٹھوں کے نشانات، 15747 سوالیہ دستاویزات اور ڈیجیٹل فرانزک کیلئے 7 ڈیوائسز( لیپ ٹاپ، موبائل ونز اور ہارڈ ڈسک وغیرہ کا فرانزک تجزیہ کیا گیا۔ نیب کی معزز احتساب عدالتوں میں 1219کرپشن ریفرنسز زیرسماعت ہیں جن کی مالیت 900ارب روپے ہے۔ چیئرمین نیب نے کہا کہ مفروروں اور اشتہاریوں کو گرفتار کیا جائے گا اور ان سے لوٹی ہوئی رقم کی وصولی کے لئے قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی اور یہ رقم قومی خزانے میں جمع کروائی جائے گی۔