میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
رمضان المبارک میں لوڈ شیڈنگ کم سے کم کی جائے ‘ وزیراعظم کا اظہار برہمی

رمضان المبارک میں لوڈ شیڈنگ کم سے کم کی جائے ‘ وزیراعظم کا اظہار برہمی

ویب ڈیسک
منگل, ۳۰ مئی ۲۰۱۷

شیئر کریں

اسلام آباد (بیورو رپورٹ) وزیراعظم محمد نواز شریف نے لوڈ شیڈنگ کے موجودہ شیڈول پر ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے رمضان المبارک کے دوران بجلی کی لوڈ شیڈنگ کم سے کم کرنے کی ہدایت کی ہے ۔پیر کو کابینہ کمیٹی برائے توانائی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم محمد نواز شریف نے لوڈ شیڈنگ کے موجودہ شیڈول پر ناراضی کا اظہار کیا،انہوں نے زور دیا کہ تمام لائن ڈیپارٹمنٹ موسم گرما کے دوران عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کے مقصد کو پیش نظر رکھتے ہوئے فعال اور حل پر مبنی سوچ اپنائیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ حکومت بجلی کی قلت کی وجہ سے عوام کو درپیش مسائل سے بخوبی آگاہ ہے اور وہ اس وقت تک آرام سے نہیں بیٹھے گی جب تک عوام کو ریلیف نہیں مل جاتا۔صورتحال کی سنگینی کو مدنظر رکھتے ہوئے وزیراعظم نے کابینہ کی توانائی کمیٹی کا اجلاس (آج) منگل کو دوبارہ طلب کر لیا ہے۔کمیٹی کو بتایا گیا کہ مارچ 2018ءمیں 9 ہزار 107 میگاواٹ کی اضافی بجلی ٹرانسمیشن سسٹم میں دستیاب ہوگی۔سیکریٹری پانی و بجلی نے کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے کابینہ کی توانائی کمیٹی کے گزشتہ اجلاس کے فیصلوں پر پیشرفت حالیہ لوڈ مینجمنٹ پلان، سرکلر ڈیٹ، آنے والے توانائی کے منصوبوں سے بجلی کی تقسیم اور ٹرانسمیشن اور پاور پلانٹس کے استعمال کے حوالہ سے تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کیا، وزیر پیٹرولیم و قدرتی وسائل شاہد خاقان عباسی نے کمیٹی کو آگاہ کیا کہ کراچی سے لاہور ایل این جی نئی گیس ٹرانسمیشن پائپ لائن بچھائی جا رہی ہے۔ کمیٹی نے گیس پائپ لائن پر کام پر اطمینان کا اظہار کیا۔ اجلاس میں وزیر خزانہ اسحاق ڈار، وزیر پانی و بجلی خواجہ محمد آصف، وزیر پیٹرولیم و قدرتی وسائل شاہد خاقان عباسی، وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف اور دیگر حکام نے شرکت کی۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں