ملک بھر میں انسدادِ پولیو مہم، 2کروڑ 40لاکھ بچوں کو قطرے پلائے جائیں گے
شیئر کریں
ملک بھر میں انسدادِ پولیو مہم کا آغاز ہو گیا جس کے دوران 2کروڑ 40لاکھ سے زائد بچوں کو انسدادِ پولیو قطرے پلائے جائیں گے ۔ کوآرڈینیٹر نیشنل ہیلتھ سروسز ڈاکٹر ملک مختار احمد نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے 5سال سے کم عمر کے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے لازمی پلوائیں۔انہوں نے کہا کہ ہائی رسک اضلاع میں باقاعدگی سے پولیو مہم کا انعقاد کیا جا رہا ہے ، انسدادِ پولیو مہم میں 4لاکھ سے زائد پولیو ورکرز حصہ لیں گے ۔انہوں نے بتایا کہ ملک کے 91اضلاع میں انسدادِ پولیو مہم کا انعقاد کیا جا رہا ہے ۔وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کراچی میں خصوصی انسدادِ پولیو مہم کا افتتاح کر دیا۔ترجمان کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے گلشن اکاخیل، گڈاپ میں نئی تعمیر شدہ ڈسپنسری میں بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے ۔اس موقع پر صوبائی وزیرِ صحت ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو، چیف سیکریٹری سندھ آصف حیدر شاہ و دیگر بھی وزیرِاعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کے ہمراہ تھے ۔اس موقع پر وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ انسدادِ پولیو کی خصوصی مہم سندھ کے 24 اضلاع میں شروع کی گئی ہے ، 3مئی تک جاری مہم میں 80لاکھ بچوں کو انسدادِ پولیو کے قطرے پلانے کا ہدف ہے ۔انہوں نے ہیلتھ ورکرز کی سیکورٹی اور دیگر سہولتیں دینے کے لیے انتظامیہ اور پولیس کو ہدایات جاری کیں۔وزیرِ صحت سندھ ڈاکٹر عذرا پیچوہو اور سیکریٹری صحت رحیم بلوچ نے اس موقع پر انسدادِ پولیو مہم سے متعلق وزیرِاعلی سندھ سید مراد علی شاہ کو بریفنگ بھی دی۔ وزیرِاعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے انسدادِ پولیو مہم کے افتتاح کے موقع پر بچوں کو پولیو کے قطرے پلا کر تحائف بھی دیے ۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرِاعلی سندھ سید مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ خصوصی انسدادِ پولیو مہم میں حکومتِ سندھ نے 62 ہزار فرنٹ لائن ورکرز کو تعینات کیا ہے ، انسدادِ پولیو ویکسین گھروں، اسکولوں، اسپتالوں اور ٹرانزٹ پوائنٹس پر فراہم کی جائے گی۔