چھینی گئی سیٹوں اور ووٹ کے تحفظ کے لیے آخری حد تک جائیں گے، حافظ نعیم الرحمن
شیئر کریں
امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ بلدیاتی انتخابات میں اہل کراچی نے جماعت اسلامی پر بھر پورا عتماد کا اظہار کیا ہے ، جماعت اسلامی نے ہی سب سے زیادہ ووٹ حاصل کیے ہیں اور سیٹیں بھی سب سے زیادہ ہیں ، اپنی چھینی گئی سیٹیں واپس لینے اور اپنے عوامی مینڈیٹ اور ووٹ کے تحفظ کے لیے آخری حد تک جائیں گے ، امید ہے کہ 2فروری کو الیکشن کمیشن کی سماعت میں ہماری 9سیٹیں واپس مل جائیں گی ۔ مزید 30,25سیٹوں کے لیے تمام تر قانونی ذرائع اور طریقے استعمال کریں گے ، الیکشن کمیشن میں بھی جائیں گے اور ضرورت پڑی تو ٹریبیونل میں بھی جائیں گے ، الیکشن کمیشن امیدواروں کے انتقال کے باعث ملتوی شدہ تمام سیٹوں پر انتخابات کے شیڈول کا فوری اعلان کرے تاکہ انتخابی عمل مکمل ہو اور یوسی چیئر مین ، ٹائون چیئر مین اپنا حلف اُٹھا سکیں، میئر کا انتخاب بھی ہو سکے اور منتخب نمائندے اپنا کام شروع کریں ۔ ہم کراچی کی تعمیر و ترقی کے لیے اتفاق رائے سے میئر لانا چاہتے ہیں ، جماعت اسلامی سب کو ساتھ لے کر چلنے کی صلاحیت رکھتی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو ادارہ نور حق میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر جماعت اسلامی کراچی کے جنرل سیکریٹری منعم ظفر خان ، نائب امراء راجہ عارف سلطان انجینئر سلیم اظہر ، ڈپٹی سیکریٹری یونس بارائی ، قائم مقام سیکریٹری اطلاعات صہیب احمد ، کے الیکٹرک کمپلنٹ سیل کے نگراں عمران شاہد بھی موجود تھے ۔ حافظ نعیم الرحمن نے پریس کانفرنس میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ظالمانہ اضافے کی بھی شدید مذمت کی اور کہا کہ پی ڈی ایم اور اتحادی جماعتوں کی حکومت ملک سے مہنگائی ختم کرنے آئی تھی مگر مہنگائی ہے کہ قابو میں ہی نہیں آرہی ، عوام پر بوجھ ڈالا جارہا ہے اور حکومت اور حکمران طبقہ اپنی شاہ خرچیوں کو ختم کرنے پر تیار نہیں ہے ۔ اگر حکمران طبقہ اپنی شاہ خرچیاں چھوڑ دے اور ایک مخصوص اور مراعات یافتہ طبقے کو ملنے والے پروٹوکول پر خرچ پیٹرول ختم کر دیا جائے تو قومی خزانے میں 20سے 30فیصد بچت ہو سکتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے مہنگائی کے خلاف ملک گیر سطح پر احتجاجی تحریک شروع کی ہے اور جماعت اسلامی کے تحت ملک بھر میں مظاہرے کیے جائیں گے ۔