پشاور پولیس لائن کی مسجد میں خودکش دھماکا، 2 افراد شہید، 70 سے زائد زخمی
شیئر کریں
پشاور تھانہ پولیس لائن کی مسجد کے اندر خود کش دھماکے کے باعث دو افراد شہید اور 70 سے زائد افراد زخمی ہو گئے۔ پولیس کے مطابق دھماکا عین ظہر کی نماز کے دوران میں ہوا۔ دھماکے کی نوعیت معلوم کی جا رہی ہے جبکہ سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے۔ بم ڈسپوزل اسکواڈ کی جانب سے شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔
پشاور کی مسجد میں دوران نماز دھماکا متعدد زخمی #peshawar pic.twitter.com/LMuLyN5lgI
— Nadeem Raza (@nadeemraza5) January 30, 2023
دھماکے کے بعد پشاور کے تمام اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی، زخمیوں اور لاشوں کو لیڈی ریڈنگ اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ اسپتال کے ترجمان محمد عاصم کے مطابق دھماکے کے تقریباً 50 زخمیوں کو ایل آر ایچ لایا گیا ہے جبکہ دو افراد کی لاشیں بھی منتقل کی گئی ہیں۔ زخمیوں میں کچھ کی حالت نازک ہے البتہ زیادہ تر کی حالت تسلی بخش ہے، زخمیوں میں پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔ اطلاعات کے مطابق دھماکے میں مسجد ایک حصہ بھی شہید ہو گیا ہے۔ حملہ آور نمازیوں کے ساتھ ساتھ تھانے کے مرکزی دروازے سے داخل ہوکر تین سے چار حفاظتی لائن عبور کرکے مسجد میں داخل ہوا۔ دھماکے کے بعد تھانہ پولیس لائن کے مرکزی دروازے کو بند کر دیا گیا ہے۔