ڈی آئی جی خادم حسین رند ، ایس ایس پی شکار پور کے تبادلے غیر قانونی قرار
شیئر کریں
سندھ ہائیکورٹ نے ڈی آئی جی خادم حسین رند اورایس ایس پی ڈاکٹر رضوان کے تبادلے غیر قانونی قرار دے دیئے اور کہا ہے کہ صوبائی حکومت آئی جی کی مشاورت کے بغیر پولیس افسران کے تبادلے نہیں کر سکتی۔تفصیلات کے مطابق ممتاز سماجی رہنما جبران ناصر کی جانب سے سندھ ہائیکورٹ میں ڈی آئی جی خادم حسین رند اور ایس ایس پی ڈاکٹر رضوان کے تبادلے کے خلاف دائر درخواست کی سماعت ہوئی۔ درخواست کی سماعت کے بعد سندھ ہائیکورٹ نے دونوں افسران کے تبادلوں کو غیر قانونی قرار دے دیا اور حکم دیا کہ آئی جی سندھ سے مشاورت کے بغیر افسران کا تبادلہ نہیں کیا جاسکتا۔سندھ ہائیکورٹ نے اپنے فیصلے میں کہا کہ تبادلوں میں سندھ پولیس ایکٹ کے آرٹیکل 17 کی خلاف ورزی کی گئی ہے ،فیصلے میں کہا گیا کہ سندھ حکومت افسران کے تبادلے کے لیے آئی جی سندھ سے مشاورت کی پابند ہے ۔واضح رہے کہ اس سے قبل سندھ ہائیکورٹ نے دونوں افسران کے تبادلے پر حکم امتناع جاری کر رکھا تھا۔