میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
آزاد کشمیر میں کینسر اسپتال کا قیام میرے لیے اعزاز ہے،وزیراعظم

آزاد کشمیر میں کینسر اسپتال کا قیام میرے لیے اعزاز ہے،وزیراعظم

ویب ڈیسک
پیر, ۲۹ دسمبر ۲۰۲۵

شیئر کریں

کینسر کے مریضوں کے علاج کیلئے 24 گھنٹے سہولیات کو یقینی بنایا جائے،شہباز شریف
خود بھی کینسر کا مریض ر ہا ہوں، انکی مشکلات و تکالیف کا احساس ہے،تقریب سے خطاب

وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے آزاد کشمیر میں کینسر کی تشخیص و علاج کیلئے ہسپتال کے قیام کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ دکھی انسانیت کی خدمت سے بڑھ کر کوئی کام نہیں، مریضوں کے علاج کیلئے 24 گھنٹے سہولیات کو یقینی بنایا جائے۔ وہ یہاں کشمیر انسٹی ٹیوٹ آف نیوکلیٔر میڈیسن، آنکو لوجی اینڈریڈیو تھراپی (کنور) کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ وزیر اعظم آزاد کشمیر راجا فیصل ممتاز راٹھور، احسن اقبال، رانا ثنا اللہ، امیر مقام سمیت وفاقی وزراء کے علاوہ آزاد کشمیر کے ارکان اسمبلی، چیٔرمین پاکستان ایٹمی توانائی کمیشن، پروفیسرز، سرجنز اور فیکلٹی ممبران بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ انھیں خوشی ہے کہ دکھی انسانیت کی خدمت اور کینسر کی تشخیص و علاج کیلئے آزاد کشمیر میں بھی ہسپتال قائم کیا گیا ہے، اس سے بڑھ کر انسانیت کی کوئی خدمت ہو نہیں سکتی، پہلے آزاد کشمیر کے مریضوں کو سینکڑوں میل کا سفر کرکے دور دراز کے شہروں میں جانا پڑتا تھا جو تکلیف دہ اور مہنگا تھا۔ انہوں نے اٹامک انرجی کمیشن اور ایس پی ڈی کے علاوہ مخیر حضرات اور ڈاکٹرز کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے اس ہسپتال کے قیام کے لیے اپنا کردار ادا کیا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ وہ خود بھی کینسر کے مریض رہے ہیں اور انکی مشکلات و تکالیف کا احساس ہے، لوگ اس مہنگے مرض کا علاج برداشت نہیں کر سکتے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ جدید وسائل اور ذرائع کو بروئے کار لاکر اس مرض کا شکار مریضوں کا علاج معالجہ کیا جائے اور تمام سہولیات کو 24 گھنٹے فعال رکھا جائے، مریضوں کیساتھ ایسا رویہ ہو کہ انہیں حوصلہ ملے اور ان کو علاج کیلئے مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ قبل ازیں وزیر اعظم نے تختی کی نقاب کشائی کرکے ہسپتال و میڈیکل کالج کا افتتاح کیا۔ وزیر اعظم نے ہسپتال کے مختلف شعبوں اور نصب مشینری کا بھی معائنہ کیا۔ انہیں مرض کی تشخیص و علاج معالجے کی سہولیات کے بارے میں بریفنگ بھی دی گئی۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں